حیدرآباد۔ آندھراپردیش کے وشاکھاپٹنم ضلع میں پولیس کے ساتھ پیش آئے انکاونٹر میں 6ماونواز ہلاک ہوگئے ۔یہ انکاونٹر ضلع کے ممپاگاوں کے قریب چہارشنبہ کی صبح پیش آیا۔سیکوریٹی فورسس نے انکاونٹر کے مقام سے اے کے 47، سیلف لوڈنگ رائفل، سیمی آٹومیٹک کاربائن، تین 303رائفلس اور ایک دیسی ساختہ ہتھیاربرآمد کئے ۔ ان ماونوازوں کی شناخت ہنوز نہیں ہوپائی ہے تاہم سمجھاجاتا ہے کہ ان میں ایک سینئر کیڈر کا ماونواز تھا جس کے پاس اے کے 47رائفل تھی۔ مہلوک نکسلائٹس میں خواتین بھی شامل ہیں،پولیس ذرائع نے یہ بات بتائی۔ممپا پولیس اسٹیشن کے حدود میں تلاشی مہم کے دوران گرے ہونڈس کی ٹیموں اور ماونوازوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ عمل میں آیا۔ کچھ وقت تک گرے ہونڈس کی ٹیموں اور پولیس کے درمیان فائرنگ ہوتی رہی۔ سیکوریٹی فورسس نے فائرنگ کے رک جانے کے بعد نعشوں کو برآمد کیا۔ سمجھاجاتا ہے کہ بعض دیگر ماونواز زخمی ہوگئے ۔سمجھاجاتا ہے کہ ان مہلوک نکسلائٹس میں سے دو کا تعلق تلنگانہ سے ہے ۔اس علاقہ کی فضائی نگرانی ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعہ کی جارہی ہے تاکہ یہ پتہ چلایاجاسکے کہ آیا مزید نکسلائٹس تو یہاں روپوش نہیں ہیں۔