حیدرآباد 28جون (یو این آئی ) اے پی کا وشاکھاپٹنم شہر شدید پانی کے بحران کا شکار ہے جہاں گریٹروشاکھاپٹنم میونسپل کارپوریشن کے پانی کی سربراہی سے وابستہ کنٹریکٹ ملازمین کی غیر معینہ مدت کی ہڑتال جاری ہے ۔ہڑتال کے باعث شہر کے تمام 98 میونسپل وارڈ س اور بڑے صنعتی علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی مکمل طور پر بند ہو چکی ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔بکناپالم علاقہ میں خواتین نے خالی گھڑوں کے ساتھ احتجاج کرتے ہوئے فوری طور پر پینے کے پانی کی سربراہی بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔ خواتین نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہم روزانہ پانی کے لیے ترس رہے ہیں، زندگی اجیرن بن گئی ہے ۔ شہر بھر میں پانی کی اس قلت نے عوامی زندگی کو مفلوج کر دیا ہے ، جبکہ حکام کی جانب سے فوری حل نہ نکلنے پر عوامی ناراضگی میں اضافہ ہو رہا ہے ۔