حیدرآباد۔14نومبر(سیاست نیوز) وشاکھا پٹنم میں ہند ۔ امریکہ مشترکہ بحری مشقوں کے سلسلہ میں امریکی جہاز ’’ ٹائیگر ٹرائمپ‘‘ موجود ہے اور اس کا مشاہدہ کرنے کیلئے آج صبح امریکی سفیر برائے ہند مسٹر کینتھ جسٹر وشاکھا پٹنم پہنچے اور قونصل جنر امریکہ متعینہ حیدرآباد مسٹر جوئیل ریفمین کے علاوہ دیگر موجود ہیں۔ وشاکھا پٹنم میں جاری ان مشقوں کے دوران اس جہاز کا مشاہدہ کروایا گیا جو کہ دونوں ممالک کے درمیان بحری مشقوں کی ایک مثال ہے۔بتایاجاتا ہے کہ 13تا16نومبر کے درمیان وشاکھا پٹنم ساحل پر یہ مشقیں جاری رہیں گی ان مشقوں کے دوران حمل و نقل‘ ساز و سامان کی منتقلی ‘ جنگی کاروائی ‘ انسانی راحت کاری کاموں کے علاوہ دیگر امور انجام دیئے جائیں گے۔منصوبہ کے مطابق ہند ۔امریکی بحری بیڑہ17تا21 نومبر کے دوران کاکیناڈا میں بحری مشقیں انجام دے گا۔ دونوں ممالک کے بحری عہدیداروں کا کہنا ہے کہ یہ مشقیں دونوں ممالک کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہیں اور دونوں ممالک کو طاقتور بنانے میں اہم کردار اداکرنے والی ہیں۔ان مشقوں میں ہندستانی بحریہ کے علاوہ فوج کی ایک بٹالین اور دیگر ادارے حصہ لے رہے ہیں علاوہ ازیں امریکی ٹاسک فورس اور بحریہ موجود ہے۔