نئی دہلی 9 مئی ( پی ٹی آئی ) صدر تلگودیشم پارٹی این چندرا بابو نائیڈو نے آج وزیر اعظم نریندرمودی سے مطالبہ کیا کہ وشاکھاپٹنم گیس اخراج سانحہ کی تحقیقات کیلئے سائنسی ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دی جائے ۔ واضح رہے کہ آندھرا پردیش حکومت کی جانب سے اس واقعہ کی تحقیقات کیلئے ایک پانچ رکنی کمیٹی پہلے ہی تشکیل دی جاچکی ہے ۔ وزیر اعظم کے نام ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے اسٹائرین گیس کے اخراج کے بعد صورتحال پر قابو اپنے کیلئے مرکزی حکومت کے فوری رد عمل کی ستائش کی ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے اپنے مکتوب میں تجویز کیا کہ وزیر اعظم سائنسی ماہرین کی ایک ٹیم تشکیل دیں تاکہ گیس کے اخراج کی تحقیقات کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کی جامع اور مکمل تحقیقات کروائی جانی چاہئے ۔
