حیدرآباد 22 ( سیاست نیوز ) وشاکھاپٹنم میں اسکولی بچوں کو لیجانے والے آٹو کی لاری سے ٹکر کے نتیجہ میں آٹھ طلبا زخمی ہوگئے ۔ یہ واقعہ آج صبح پیش آیا ۔ کہا گیا ہے کہ بیتھانی اسکول کے آٹھ طلبا اس حادثہ میں زخمی ہوئے ہیں۔ انہیں ایک قریبی ہاسپٹل کو منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج کیا جا رہا ہے ۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ آٹو پوری طرح تباہ ہوگیا ۔ کہا گیا کہ صبح 7.35 بجے یہ حادثہ پیش آیا جب ٹرک فلائی اوور کے نیچے سے موڑ لے رہا تھا اور ایک تیز رفتار آٹو اس کی بائیں جانب سے آیا اور لاری سے ٹکرا گیا ۔ حادثہ کی شدت کے نتیجہ میں اسکولی طلبا آٹو سے اچھل کر باہر گرپڑے ۔ یہ سارا واقعہ ایک مقامی دوکان کے سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگیا ۔ حادثہ کے فوری بعد کئی بائیکس اور کاریں وہاں رک گئیں اور لوگوں نے زخمیوں کی مدد کی ۔ عوام نے الٹ گئے آٹو کو بھی وہاں سے ہٹایا ۔ آٹھ کے منجملہ چار طلبا کو دواخانہ سے ڈسچارج کردیا گیا ہے جبکہ تین کا علاج کیا جارہا ہے ۔ ایک طالب علم کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ پولیس نے کہا کہ آٹو میں گنجائش سے زیادہ بچوں کو بٹھایا گیا تھا ۔ لاری اور آٹو دونوں کے ڈرائیورس کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔