وشاکھا پٹنم سانحہ ‘ آندھراپردیش کو مرکز سے ہر ممکنہ مدد

   

جگن سے مودی اور امیت شاہ کی فون پر بات چیت، خصوصی کمیٹی کی تشکیل
حیدرآباد 7 مئی (سیاست نیوز) مرکزی مملکتی وزیر داخلہ کشن ریڈی نے بتایا کہ وشاکھاپٹنم فیاکٹری میں گیس لکیج سانحہ پر وزیراعظم نریندر مودی اور وزیرداخلہ امیت شاہ نے چیف منسٹر آندھراپردیش جگن موہن ریڈی سے فون پر بات کی اور تفصیلات حاصل کیں۔ صورتحال سے نمٹنے مرکز سے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا گیا۔ کشن ریڈی نے بتایا کہ وزیراعظم کی قیامگاہ پر وزیرداخلہ، وزیر دفاع اور مملکتی وزیرداخلہ کے علاوہ اعلیٰ حکام کے ساتھ ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا تھا۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے دستوں کو ریلیف کے کاموں میں مصروف کیا گیا ۔ اِس کے علاوہ بحریہ کے ماہرین بھی ریلیف میں مصروف ہیں۔ وزیراعظم نے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی ہے تاکہ کمیکل مادوں کے اثرات کو کم کرنے کی حکمت عملی طے کی جاسکے۔ متاثرین کے بہتر علاج اور علاقہ میں کمیکل اثرات کم کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ ڈی جی پی اے پی سے ربط قائم کرکے تفصیلات حاصل کی گئی ہیں۔ پولیس کو ہدایت دی گئی کہ تمام متاثرین کے مؤثر علاج کو یقینی بنایا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکز صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور ریاستی حکومت سے ربط میں ہے۔ کشن ریڈی نے گیس لکیج سانحہ میں ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا اور متاثرین کی عاجلانہ صحتیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔