وشویشور ریڈی کی کیشو راؤ سے ملاقات آر ٹی سی ہڑتال کے خاتمہ کیلئے مداخلت کی اپیل

   

حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) کانگریس کے لیڈر اور سابق رکن پارلیمنٹ کونڈا وشویشور ریڈی نے آج ڈاکٹر کیشو راؤ سے ان کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی۔ وشویشور ریڈی نے آر ٹی سی ہڑتال کی یکسوئی کیلئے کیشو راؤ سے مساعی کرنے کی اپیل کی۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وشویشور ریڈی نے کہا کہ کیشو راؤ نے کل جو بیان جاری کیا تھا، اس کی بنیاد پر یہ ملاقات ہوئی ہے۔ کیشو راؤ نے آر ٹی سی ملازمین کے مسائل کے سلسلہ میں مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ وشویشور ریڈی نے کہا کہ ہڑتال سے ہر کسی کا نقصان ہے۔ ٹی آر ایس کو ہڑتال سے سیاسی نقصان ہوسکتا ہے لیکن چیف منسٹر ہٹ دھرمی کا رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں۔ کانگریس قائد نے کہا کہ چیف منسٹر کو صرف محکمہ پولیس کے علاوہ کوئی اور محکمہ کی ضرورت نہیں ہے ۔ وہ پولیس کے مسائل حل کرنے میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔ کیشو راؤ نے وشویشور ریڈی کو تیقن دیا کہ اگر حکومت سے اجازت ملتی ہے تو وہ آر ٹی سی ملازمین سے بات چیت کرنے تیار ہیں۔