وضاحت: ایئر انڈیا کی پروازیں ممنوعہ فضائی علاقے سے نہیں گزر رہی ہیں

   

نئی دہلی، 05 مارچ (یواین آئی) ٹاٹا گروپ کی ایئر لائن کمپنی ایئر انڈیا نے جمعرات کو واضح کیا کہ اس کی پروازیں مغربی ایشیا میں ممنوعہ فضائی علاقہ کے اوپر سے نہیں گزر رہیں۔ ایئر لائن نے آج ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہاکہ ایئر انڈیا ممنوعہ فضائی علاقوں میں پروازوں کا آپریشن نہیں کر رہی ہے۔ اس نے مزید کہا کہ لمحہ بہ لمحہ خفیہ معلومات، عالمی مشاورت اور مسلسل نگرانی کی بنیاد پر پروازوں کا راستہ طے کیا جا رہا ہے تاکہ ہر سفر محفوظ، قواعد کے مطابق اور قابلِ اعتماد ہو۔ ایئر لائن نے سوشل میڈیا پر چل رہی ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے یہ پوسٹ کیا ہے کہ ایئر انڈیا کی جرمنی کے فرینکفرٹ سے دہلی آنے والی پرواز AI2030 ممنوعہ فضائی علاقوں کے اوپر سے گزری ہے۔ کمپنی نے ان خبروں کو غلط قرار دیتے ہوئے اس پرواز کے اصل راستے کا گراف بھی شیئر کیا ہے ۔