وطن واپسی کیلئے کھلاڑی خود اپنا انتظام کرلیں : آسٹریلیائی وزیراعظم

   

ملبورن : آسٹریلیا کے وزیراعظم اسکاٹ ماریسن نے کہا ہیکہ جو کھلاڑی آئی پی ایل میں شرکت کررہے ہیں وہ لیگ مکمل ہونے کے بعد وطن (آسٹریلیا) واپسی کیلئے اپنے طور پر انتظام کرلیں گے۔ یاد رہے آسٹریلیا نے ہندوستان سے آنے والے پروازوں پر پابندی عائد کرلی ہے چونکہ اس وقت ہندوستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر شدید ترین صورتحال اختیار کرچکی ہے۔ آسٹریلیا نے ہندوستان سے راست آنے والے تمام مسافر طیاروں پر پابندی عائد کردی ہے اور یہ 15 مئی تک عائد رہے گی۔ موریسن نے گارڈین اخبار کو دیئے گئے اپنے بیان میں کہا کہ آسٹریلیائی کھلاڑیوں کا یہ سفر خانگی دورہ ہے کیونکہ یہ آسٹریلیائی دورہ کا حصہ نہیں۔ لہٰذا انہیں اپنے وسائل استعمال کرتے ہوئے سفر کا بندوبست کرنا چاہئے اور مجھے امید ہیکہ وہ اپنا انتظام کرتے ہوئے وطن واپس لوٹیں گے۔ قبل ازیں تین آسٹریلیائی کھلاڑی ایڈم زمپا، اینڈریو ٹائی اور کین رچرڈسن نے گذشتہ روز ہی آئی پی ایل سے دستبرداری اختیار کرلی تھی جبکہ اس وقت آئی پی ایل میں 14 آسٹریلیائی کھلاڑی مختلف ٹیموں میں کھیل رہے ہیں جس میں اسٹیواسمتھ (دہلی کیپٹلس)، ڈیویڈ وارنر (سن رائزرس حیدرآباد) اور پاٹ کمنس (کولکاتہ نائیٹ رائیڈرس) کے علاوہ کوچ رکی پونٹنگ (دہلی) اور بنگلور کے سائمن کاٹیج قابل ذکر ہیں۔ اس کے علاوہ میتھیو ہیڈن، بریٹ لی، مائیکل سلیڈر اور لیسا لیگ کے کامنٹری شعبہ میں موجود آسٹریلیائی افراد ہیں۔ قبل ازیں ممبئی انڈینس کے اس لین میں کرکٹ آسٹریلیا سے درخواست کی تھی کہ وہ آسٹریلیائی کھلاڑیوں کی وطن واپسی کیلئے چارٹرڈ طیاروں کا انتظام کرے جیسا کہ لیگ کا 23 مئی کو اختتام عمل میں آرہا ہے جبکہ فائنل 30 مئی کو کھیلا جائے گا۔