راولپنڈی، 25 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے فوجی سربراہ قمر باجوہ نے پیر کو کہا کہ وطن کی حفاظت سے بڑا مقدس کام کچھ بھی نہیں ہے ۔ انٹر سروسز پبلک رلیشن (آئی اسی پی آر ) کے ڈائرکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹ کرکے بتایا کہ فوج کے سربراہ نے سیالکوٹ کے قریب ‘ورکنگ باؤنڈری’ کا دورہ کیااوروہاں تعینات فوجیوں کا حوصلہ بڑھانے کے ساتھ ساتھ ان کی آپریشنل تیاریوں کی ستائش کی۔انہوں نے کہا‘‘وطن کی حفاظت کرنے سے مقدس کوئی دوسرا کام نہیں ہے ۔ میں اس فوج کی قیادت کرنے پر فخر محسوس کرتا ہوں جو اپنی ذمہ داری کو پورا کرنے کے لئے ہمیشہ تیار ہے ۔ ’’ جموں کشمیر کے پلوامہ میں مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے قافلہ پر 14 فروری کو خودکش دہشت گردانہ حملہ کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں زبردست کشیدگی ہے۔ہندوستان نے اس حملہ کے بعد دہشت گردوں سے نمٹنے کے لئے فوج کو کھلی چھوٹ دینے کے ساتھ ہی پاکستان سے خاص ترجیحی والے ملک کا درجہ چھیننے کے علاوہ وہاں سے درآمدہونے والے سامان پر 200 فیصد کسٹم لگا دیا ہے ۔ اس کے علاوہ بھی پاکستان کو الگ تھلگ کرنے کے لئے کئی اقدامات کئے گئے ہیں۔