وظیفہ پر سبکدوشی کی حد عمر میں بہت جلد اضافہ کا امکان

   

Ferty9 Clinic

جاریہ ماہ کے اواخر تک چیف منسٹر کی جانب سے قطعی فیصلہ متوقع، ملازمین کی تفصیلات جمع کئے جانے کا امکان

حیدرآباد۔4ستمبر(سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ تلنگانہ میں ملازمین کی وظیفہ کی حد عمر میں اضافہ کے سلسلہ میں غور کرنا شروع کردیا ہے او رکہا جا رہاہے کہ حکومت کی جانب سے بہت جلد اس سلسلہ میں قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر نے جاریہ ماہ کے اواخر تک اس سلسلہ میں قطعی فیصلہ کریں گے۔ چیف منسٹر نے دیہی علاقو ںکی ترقی کے سلسلہ میں تیار کردہ 30 روزہ منصوبہ کے اعلان کے ساتھ یہ بات کہی۔ تلنگانہ راشٹر سمیتی نے انتخابات سے قبل اس بات کا اعلان کیا تھا کہ ریاست میں ٹی آر ایس کے اقتدار حاصل کرنے کے بعد حکومت کی جانب سے تلنگانہ میں ملازمین کے وظیفہ کی موجودہ حد عمر کو 58 سے بڑھا کر 61 کردیاجائے گا لیکن اقتدار حاصل ہونے کے بعد اس موضوع پر اب تک کوئی بات چیت نہیں کی گئی تھی لیکن اب کہا جا رہاہے کہ چیف منسٹر نے ملازمین کی وظیفہ کی عمر میں اضافہ کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے اور تمام محکمہ جات میں ملازمین کی تفصیلات کے حصول کے سلسلہ میں احکام جاری کئے جانے لگے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ حکومت جلد اس معاملہ کی یکسوئی کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کو بڑا فائدہ پہنچانے کے سلسلہ میں احکامات جاری کرے گی۔ ملازمین کی وظیفہ پر سبکدوشی کی حد عمر میں اضافہ کے لئے حکومت کو اس سلسلہ میں ریاستی قوانین کا جائزہ لینے کے علاوہ ریاستی حکومت کے ملازمین کی تفصیلات جمع کرتے ہوئے محکمہ جاتی اساس پر احکام جاری کرنے ہوں گے اور ان احکام کی اجرائی سے قبل حکومت کو ضرورت پڑنے پر ملازمت کے قوانین میں ترمیم کرنی پڑے گی ۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کی جانب سے گذشتہ یوم اس بات کے اشارے دئیے جانے کے بعد ملازمین کی حد عمر میں اضافہ کے سلسلہ میں قانونی ماہرین کی رائے حاصل کرنے اور مختلف محکمہ جات کی تفصیلات اکٹھا کرنے کا سلسلہ شروع کیا جاچکا ہے اور کہا جا رہاہے کہ جلد ہی تمام تفصیلات چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو پیش کرتے ہوئے انہیں مستقبل کے اقدامات سے واقف کروایاجائے گا اور اس کے بعد ہی چیف منسٹر کی جانب سے ملازمین کی حد عمر کے سلسلہ میں قطعی احکام جاری کئے جائیں گے۔