وظیفہ کی رقم سے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں ایک لاکھ روپئے کا عطیہ

   

ہنمنت راؤ کا اعلان، جیوتی راؤ پھولے کو خراج عقیدت

حیدرآباد۔/11 اپریل، ( سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے اپنے وظیفہ کی رقم سے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں ایک لاکھ روپئے کے عطیہ کا اعلان کیا ہے۔ مہاتما جیوتی راؤ پھولے کی جینتی تقاریب کے موقع پر عنبر پیٹ میں جیوتی راؤ پھولے کے مجسمہ پر پھول پیش کرنے کے بعد ہنمنت راؤ نے یہ اعلان کیا۔ کئی قائدین کی جانب سے جیوتی راؤ پھولے کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ اگر چیف منسٹر انہیں ملاقات کا وقت دیتے ہیں تو وہ ایک لاکھ روپئے کا عطیہ پیش کریں گے جو ان کے وظیفہ کی رقم میں سے ہوگا۔ چیف منسٹر لاکھوں روپئے کے چیک وصول کررہے ہیں اور انہیں ایک لاکھ بھی وصول کرنے کیلئے وقت دینا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ جیوتی راؤ پھولے نے چھوت چھات اور امتیاز سے پاک سماج کی تشکیل کیلئے مساعی کی تھی۔ سابق کارپوریٹر گیانیشور، پردیش کانگریس کے ترجمان آر لکشمن یادو، پردیش کانگریس کے سکریٹری ایس سریکانت گوڑ، بلاک کمیٹی کے صدر محمد غوث اور دوسرے اس موقع پر موجود تھے۔ اسی دوران پردیش کانگریس کمیٹی کے ہیڈکوارٹر گاندھی بھون میں بھی جیوتی راؤ پھولے کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔