وظیفے میں 50 فیصد کٹوتی مناسب نہیں، ہائی کورٹ کا ریمارک،پنشنرس کے درخواست کی سماعت، حکومت سے رپورٹ طلب

   

حیدرآباد۔ 17 اپریل (سیاست نیوز) وظیفہ یاب سرکاری ملازمین کے پنشن میں 50 فیصد کٹوتی کا مسئلہ تلنگانہ ہائی کورٹ پہنچا۔ حکومت کی جانب سے پنشن میں کٹوتی کو چیلنج کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔ عدالت نے کہا کہ پنشن میں کٹوتی مناسب نہیں ہے۔ حکومت کو ہدایت دی گئی کہ وہ کن بنیادوں پر پنشن میں کٹوتی کررہی ہے اس کی وضاحت کرے۔ عدالت نے اس سلسلہ میں حکومت سے رپورٹ طلب کی ہے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ پنشنرس کے معاملے میں حکومت کو فراخ دلی سے سلوک کرنا چاہئے۔ لاک ڈائون کے موقع پر پنشنرس کو بیماری کی صورت میں کون ان کا تحفظ کرے گا۔ اس سلسلہ میں حکومت کو غور کرنا ہوگا۔ عدالت نے مقدمے کی آئندہ سماعت 24 اپریل مقرر کی ہے۔ اسی دوران تلنگانہ ہائی کورٹ نے اننت گری پراجکٹ کے لیے اراضی کے حصول کے سبب متاثر ہونے والے افراد کے درخواستوں کی سماعت کی۔ درخواست گزاروں نے شکایت کی کہ اراضی کے حصول کا معاوضہ ادا کئے بغیر ہی حکومت نے پراجیکٹ میں پانی جاری کردیا ہے۔ لاک ڈائون کے دوران اننت گری کا پانی جاری کردیا گیا۔ عدالت نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ درخواست کی سماعت کی۔ حکومت کو معاوضے کی ادائیگی کی تفصیلات پر مشتمل جوابی حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ دو ہفتے بعد مقدمہ کی سماعت ہوگی۔