وعدوں کی عدم تکمیل پر مودی تلنگانہ عوام سے معذرت خواہی کریں: کے ٹی آر

   

کوچ فیاکٹری ، اسٹیل فیاکٹری اور ٹرائبل یونیورسٹی کا وعدہ پورا نہیں ہوا، محبوب آباد میں جنگلاتی اراضی کی تقسیم
حیدرآباد ۔30۔ جون (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے گریجن طبقات سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکامی پر وزیراعظم نریندر مودی سے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا۔ محبوب آباد ضلع میں کے ٹی راما راؤ نے قبائلی خاندانوں میں جنگلاتی اراضی کی تقسیم کے پروگرام کا آغاز کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کو قبائلی عوام سے معذرت خواہی کرنی چاہئے کیونکہ گزشتہ 9 برسوں کے دوران قبائلی خاندانوں سے جو وعدے کئے تھے، ان کی تکمیل نہیں کی گئی۔ ریاست کی تقسیم کے وقت تنظیم جدید قانون میں ٹرائبل یونیورسٹی کا وعدہ کیا گیا تھا۔ وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت نے وعدہ کی تکمیل کا تیقن دیا۔ مرکز کی نمائندگی پر ملگ ضلع میں 360 ایکر اراضی ریاستی حکومت کی جانب سے الاٹ کی گئی لیکن آج تک قبائلی یونیورسٹی کے قیام میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی دیگر ریاستوں کے ساتھ مرکزی حکومت کا رویہ ہمدردانہ ہے جبکہ تلنگانہ کے ساتھ جانبدارانہ سلوک کیا جارہا ہے ۔ بیارم میں اسٹیل اتھاریٹی کے ذریعہ اسٹیل فیاکٹری کے قیام کا وعدہ 9 برسوں میں مکمل نہیں ہوا۔ قاضی پیٹ میں ریلوے کوچ فیاکٹر کے قیام کا وعدہ آج تک ادھورا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام کو دھوکہ دینے ورنگل میں ریلوے کوچ فیاکٹری کے بجائے رپیرنگ یونٹ قائم کیا جارہا ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ سے مرکز کا ناانصافی کا رویہ افسوسناک ہے ۔ وعدوں کی تکمیل میں ناکامی پر نریندر مودی کو تلنگانہ عوام سے معذرت خواہی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ 8 جولائی کو دورہ ورنگل کے موقع پر تلنگانہ سے کئے گئے وعدوں کا جواب دیں۔ گجرات میں 21,000 کروڑ کے صرفہ سے ریلوے کوچ فیاکٹری قائم کی گئی ہے۔ گجرات اور تلنگانہ کے درمیان حکومت کے رویہ میں کافی فرق پایا جاتا ہے۔ وزیراعظم کو جاننا چاہئے کہ وہ صرف گجرات کے وزیراعظم نہیں ہیں۔ کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ میں اقتدار حاصل کرنے کیلئے حکومت کے خلاف بے بنیاد الزام تراشی کی جارہی ہے۔ گزشتہ 50 برسوں میں عوام کو دھوکہ دینے والی کانگریس پارٹی دوبارہ اقتدار کے ذریعہ دھوکہ دینے کی تیاری کر رہی ہے۔ عوام کو کانگریس سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ غریبوں کی بھلائی اور ان کی بھوک مٹانے والے چیف منسٹر کے سی آر کو دوبارہ بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ قبائلی افراد کو صرف جنگلاتی اراضی نہیں بلکہ رعیتو بندھو اور رعیتو بیمہ جیسی اسکیمات سے فائدہ پہنچایا جائے گا ۔ محبوب آباد ضلع میں 24281 قبائلی افراد میں 67730 جنگلاتی اراضی تقسیم کی جارہی ہے۔ تقریب میں ریاستی وزراء ای دیاکر راؤ ، ستیہ وتی راتھوڑ اور مقامی عوامی نمائندے شریک تھے۔ر