وعدے کے مطابق سنگاریڈی میں میڈیکل کالج قائم کرنے کا مطالبہ

   


چیف منسٹر کے عہدہ سے ہٹنے سے قبل منظوری دینے کانگریس کے رکن اسمبلی کی اپیل

حیدرآباد : کانگریس کے رکن اسمبلی جگاریڈی نے کے سی آر سے مطالبہ کیا کہ وہ چیف منسٹر کے عہدہ سے دستبردار ہونے سے قبل اسمبلی میں کئے گئے وعدے کے مطابق سنگاریڈی میں میڈیکل کالج قائم کرنے کے وعدہ کو منظوری دیں۔ گاندھی بھون میں آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جگاریڈی نے کہا کہ ریاست میں چیف منسٹر کی تبدیلی موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ خود وزراء اور ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنانے کی مہم چلارہے ہیں۔ اس لئے وہ چیف منسٹر کے سی آر سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ سنگاریڈی کو میڈیکل کالج منظور کرنے کے بعد دستبردار ہوجائے اگر وعدہ پر نہیں عمل کیا گیا اور عہدے سے مستعفی ہوگئے تو کے ٹی آر کے چیف منسٹر بننے کے بعد دوبارہ مہم شروع کرنی پڑے گی۔ وہ چاہتے ہیں کہ بحیثیت چیف منسٹر کے سی آر ہی سنگاریڈی میں میڈیکل کالج کا سنگ بنیاد رکھیں۔ اسمبلی حلقہ سنگاریڈی کی نمائندگی کرنے والے کانگریس کے رکن اسمبلی جگاریڈی نے کہا کہ وہ کافی عرصہ سے سنگاریڈی میں میڈیکل کالج کے قیام کیلئے مہم چلارہے ہیں۔ اسمبلی میں وعدہ کرنے کے باوجود چیف منسٹر اپنے وعدہ سے انحراف کررہے ہیں ۔ اگر وعدہ کی تکمیل نہیں کی گئی تو بے وفا چیف منسٹرس کی فہرست میں موجودہ چیف منسٹر کے سی آر کا نام بھی شامل ہوجائے گا۔ وہ اس مسئلہ پر پرگتی بھون پہنچ کر نمائندگی کرنے کیلئے سینکڑوں مرتبہ وقت طلب کرچکے ہیں مگر انہیں ایک عوامی منتخب نمائندہ ہونے کے باوجود ملاقات کیلئے وقت نہیں دیا گیا۔