بنگالورو،19جون(یواین آئی)کرناٹک کے سابق وزیر و معطل کانگریسی رکن اسمبلی روشن بیگ نے پارٹی کے بعض لیڈروں کے خلاف ان کی جانب سے کی گئی نکتہ چینی کا سختی سے دفاع کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ ایک وفادار ورکر کی طرح پارٹی میں ہی رہیں گے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسٹر بیگ جنہوں نے اے آئی سی سی کے سکریٹری کے سی وینو گوپال کو ایک مسخرہ اور کرناٹک پردیش کانگریس کے صدر دنیش گنڈو راوکو ایک فلاپ ہیرو قرار دیاتھا، کہا میں نے لوک سبھا کے انتخابات میں پارٹی کو ہوئی شکست کے خلاف آواز اٹھائی اور سچ بولا تھا۔یہ کہتے ہوئے کہ کانگریس کے ریاستی لیڈر لوک سبھا کے انتخابات میں پارٹی کے ناقص مظاہرہ کی وجوہات کا پتہ چلانے میں ناکام ہوگئے ہیں، نے کہا کہ میں نے کبھی بھی اے آئی سی سی کے صدر پر نکتہ چینی نہیں کی۔ کے پی سی سی کے لیڈروں کی جانب سے صرف ان ہی کے خلاف ہی تادیبی کارروائی کی سفارش کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کئی ایسے لیڈر ہیں جو کے ایچ منیپا،ملک ارجن کھرگے اور جے ڈی ایس لیڈر ایچ ڈی دیوے گوڑا کی شرمناک شکست کے لئے ذمہ دار ہیں تاہم کے پی سی سی نے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔یہ کہتے ہوئے کہ انہوں نے کوئی بھی مخالف پارٹی کام نہیں کیا ہے ،بلکہ حقیقت کو سامنے لایا ہے ، انہوں نے کہا کہ میں پارٹی کے کارکنوں اور لیڈروں جیسے رامالنگاریڈی،ملک ارجن کھرگے اور دیگر ے ساتھ مشاورت کے بعد ہی مستقبل کے لائحہ عمل کا تعین کروں گا۔
