چیف منسٹر کے سی آر کی چیف سکریٹری کو ہدایت،ضلع میں جشن
حیدرآباد۔4ستمبر ( سیاست نیوز) چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے ضلع وقارآباد کو ریاست کے زون چارمینار یعنی زون6 میں شامل کئے جانے کے فیصلہ پر وقارآباد میں جشن منایاجانے لگا ہے ۔ ضلع وقارآباد کو ریاست کے اضلاع کی تنظیم جدید کے دوران زون جوگولامبا میں رکھا گیا تھا لیکن گذشتہ یوم چیف منسٹر نے چیف سیکریٹری کو ہدایت دی کہ وہ وقارآباد کو زون6 چارمینار میں شامل کرنے کے اقدامات کریں۔ریاست تلنگانہ کے اضلاع کی تنظیم جدید کے دوران ریاست کے تمام اضلاع کو 7زونس میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور اس کے علاوہ دو ملٹی زون کی تشکیل عمل میں لائی گئی تھی ۔ ریاست کے7زونس میں کالیشورم‘ باسرہ‘ راجننا‘ بھدادری‘ یدادری‘ جوگو لامبا اور چارمینار زون تشکیل دیئے گئے تھے اور چارمینار زون میں میڑچل‘ ملکا جگری‘حیدرآباد ‘ رنگاریڈی کے علاوہ سنگاریڈی کو شامل کیا گیا تھا اور جوگولامبا زون میں وقارآباد‘ محبوب نگر‘ جوگولامبا ۔گدوال ‘ ونپرتی اور ناگر کرنول کو شامل کیا گیا تھا لیکن اب چیف منسٹر نے وقارآباد کو چارمینار زون میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
