وقارآباد ۔کرناٹک سرحدتک نئی ریلوے لائن پراجکٹ کا راستہ تبدیل،عوام میں مسرت

   

حیدرآباد۔17ستمبر (یو این آئی) تلنگانہ کے وقارآباد ضلع کے افرادکا خواب پورا کرنے کیلئے حکومت خصوصی اقدامات کر رہی ہے ۔ اس سے پسماندہ وقارآباد اور کوڑنگل علاقوں کے افرادکی امیدیں بڑھ گئی ہیں۔وقارآباد سے نارائن پیٹ ضلع کے کرشنا (کرناٹک سرحد) تک نئی ریلوے لائن کے پراجکٹ کا راستہ تبدیل کیا گیا ہے ، جس پر کوڑنگل اسمبلی حلقہ کے مختلف منڈلوں کے لوگ خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ چونکہ یہ ان کا اپنا انتخابی حلقہ ہے ، اس لئے وزیر اعلیٰ خاص توجہ دے رہے ہیں۔ تلنگانہ حکومت دودھ یال منڈل میں صنعتی کاریڈور قائم کرنے جا رہی ہے ۔ اس علاقہ کی ترقی اور مواصلاتی سہولیات کو بہتر بنانے ریلوے لائن کا راستہ یہاں سے گزارنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ منڈل میں سڑکوں کی ترقی کے کام تیزی سے جاری ہیں اور اب نئی ریلوے لائن کے آنے سے یہاں کے ٹرانسپورٹ نظام کو مزید فروغ ملے گا۔