ضلع کلکٹر یوسومی باسو کا جائزہ اجلاس سے خطاب
حیدرآباد :۔ وقار آباد ضلع کلکٹر یوسومی باسو ، اڈیشنل کلکٹرس ، ایس موتی لال اور چندریا نے دفتر کلکٹریٹ میں محکمہ ملیریا کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ جس میں مانسون کے آغاز سے عوام کو بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر پر غور و خوص کیا گیا ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی گئی کہ گندے پانی کو جمع ہونے نہ دیں ۔ جس سے مچھر جمع ہو کر ملیریا بخار کا سبب بنتے ہیں ۔ میونسپل علاقے میں ہر جمعہ کو صبح 10 بجے 10 منٹ کے لیے خشک دن منایا جائے گا جس میں جمع شدہ پانی کو گھروں سے خارج کردیا جائے گا ۔ آشا ورکرس ، اے این ایم ، پنچایت سکریٹریز ہر اتوار کو صبح 10 بجے سے دیہی علاقوں میں سروے کریں گے ۔ میونسپل حکام کی یہ ذمہ داری ہوگی کہ وہ بستی میں پانی کا ذخیرہ نہ ہونے دیں ۔ جولائی کو ڈینگو مہینے سے جانا جاتا ہے ۔ اس لیے عہدیداروں نے عوام کو چوکس رہنے کی تاکید کی ۔ اس موقع پر پی ڈی ڈی آر ڈی او کرشنن ، میڈیکل آفیسر سدھاکر ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر رینو کا دیوی ، ڈی پی او رضوانہ اور دیگر عہدیدار موجود تھے ۔۔