وقار آباد۔ وقار آباد ضلع کے مومن پیٹ میں آج صبح پیش آئے ایک حادثہ میں چار خواتین کے بشمول پانچ افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئی ۔ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ یہ واقعہ مومن پیٹ بلاک کے اجرا چٹم پلی گاوں میں پیش آیا ۔ حادثہ میں آٹو رکشا اور ایک ٹرک کا تصادم ہوگیا ۔ کہا گیا ہے کہ آٹو رکشا میں چار زرعی مزدوروں کو کھیتوں کو منتقل کیا جا رہا تھا۔ اس آٹو کو ایک تیز رفتار ٹرک نے ٹکر دیدی ۔ آٹو ڈرائیور نے کچھ مزدوروں کو بٹھانے وہاں گاڑی روکی تھی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ صبح کے وقت کہر کی وجہ سے دھند حادثہ کی وجہ ہوسکتی ہے ۔ مخالف سمت سے آنے والی ایک آر ٹی سی بس بھی ٹرک کی ٹکر سے بال بال بچ پائی ۔ مہلوکین کی 55 سالہ شینی بائی 18 سالہ سندھیا اور 15 سالہ نتن کے علاوہ 15 سالہ سونا بائی کی حیثیت سے شناخت ہوئی ہے ۔ ایک اور نامعلوم خاتون حادثہ میں زخمی ہوگئی جسے دواخانہ منتقل کردیا گیا ہے ۔