حیدرآباد ۔ /6 اکٹوبر (سیاست نیوز) مضافاتی علاقہ وقار آباد میں تربیتی طیارہ حادثہ کا شکار ہوگیا جس کے نتیجہ میں دو ٹرینی پائیلٹس ہلاک ہوگئے ۔ یہ واقعہ آج صبح وقارآباد بنتاورم منڈل میں پیش آیا جب شدید بارش کے دوران دو زیرتربیت پائیلٹس بشمول خاتون ٹریننگ کیلئے بیگم پیٹ ایرپورٹ سے اڑان بھرے تھے اور وقارآباد میں حادثہ کا شکار ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق راجیو گاندھی ایویشن اکیڈیمی کے دو طلبا پائیلٹس پرکاش وشال اور امن پریت کور نے ٹریننگ طیارہ ’سسینا ایرکرافٹ‘ کی اڑان بھری تھی اور جیسے ہی یہ طیارہ وقارآباد بنتاورم منڈل میں پہونچا ایرٹریفک کنٹرول سے رابطہ ٹوٹ گیا اور کپاس کے کھیتوں میں حادثہ کا شکار ہوگیا ۔ حادثہ میں دونوں پائیلٹس برسرموقع ہلاک ہوگئے ۔ ہوابازی حکام نے وقارآباد پولیس کو آگاہ کیا اور پولیس نے جائے حادثہ کا محاصرہ کرکے ٹرینی پائیلٹس کی نعشوں کے ٹکڑے اکٹھا کئے اور پوسٹ مارٹم کیلئے روانہ کیا ۔ پولیس نے متاثرہ طیارہ کے پرزے جمع کئے اور فارنسک ماہرین کو طلب کیا گیا ۔ بتایا گیا کہ وشال و امن پریت نے 12 ڈسمبر 2018 کو راجیو گاندھی ایویشن اکیڈیمی میں داخلہ لیا تھا۔