وقار آباد میں کار ریسنگ کے واقعات میں اضافہ،سیاحوں اور مقامی عوام میں خوف و دہشت کا ماحول

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد ۔ 16 اگسٹ ۔ ( سیاست نیوز) ضلع وقارآباد کے اننت گیری ہلز میں کار ریسنگ کے واقعات میں ان دنوں اضافہ ہوگیا ہے ۔ وقارآباد کے اس معروف سیاحتی مرکز میں اس طرح کی سرگرمیوں سے سیاحوں میں خوف و دہشت پیدا ہوگئی ہے ۔ شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے دولتمند افراد کے لڑکے اب کار ریسنگ کے ذوق کا شکار ہوگئے ہیں اور آئے دن قیمتی لگژری گاڑیوں کے ذریعہ اننت گیری میں کار ریسنگ کررہے ہیں ۔ ان نوجوانوں کی حرکتوں سے سیاحتی مرکز پہونچنے والے سیاح خوف و ہراس کا شکار ہورہے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ کل یوم آزادی کے موقع پر تمام پولیس عہدیدار بندوبست اور جشن میں مصروف تھے ۔ پولیس کی مصروفیت کا فائدہ اُٹھاکر نوجوانوں کی بڑی تعداد کاروں میں اننت گیری ہلز پہونچی اور کار ریسنگ منعقد کی۔ اس کار ریسنگ کا ویڈیو وائرل ہونے پر پولیس کو تنقیدوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور محکمہ جنگلات کو بھی شہریوں نے لاپرواہی کے الزامات کے گھیرے میں لے لیا ہے ۔ دم بخود کردینے والے کرتب اور کاروں کے مقابلہ سے اننت گیری ہلز پہونچنے والے سیاح خوف و دہشت کا شکار ہوگئے اور سلامتی کے تعلق سے فکرمند ہیں۔ پولیس اور محکمہ جنگلات کو چاہئے کہ وہ کار ریسنگ ، موٹر سکل ریسنگ جیسی سرگرمیوں پر روک لگائیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ چند روز قبل نارسنگی شنکر پلی روڈ پر بھی کار ریسنگ کا واقعہ منظرعام پر آیا تھا ۔ تاہم پولیس نے کارروائی میں قیمتی گاڑیوں کو ضبط کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کی تھی ۔ بعد ازاں ایس پی وقارآباد کوٹی ریڈی نے اپنے جاری کردہ بیان میں بتایا کہ ویڈیو کلپنگ اور ذرائع کے مطابق کار ریسنگ منعقد کرنے والے اور اس میں حصہ لینے والوں کی شناخت کرلی گئی ہے اور آرگنائز کو بہت جلد حراست میں لیا جائے گا اور اننت گیری ہلز میں ایسی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ ع