وقار آباد کلکٹر پر حملہ کی سازش میں کے ٹی آر ملوث: مہیش کمار گوڑ

   

پولیس تحقیقات میں کال ڈیٹا دستیاب، ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ کا الزام
حیدرآباد ۔14۔نومبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے بی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی آر کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وقار آباد میں کلکٹر پر حملہ میں کے ٹی آر اصل ملزم ہیں۔ کے ٹی آر کو اس جرم کی سزا بھگتنی ہوگی۔ گاندھی بھون میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کلکٹر اور دیگر عہدیداروں پر حملہ کے ذمہ داروں کو بخشا نہیں جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ لکچرلا کے 90 فیصد کسانوں نے فارما کمپنی کی تائید کی اور انہوں نے اراضی حوالے کرنے اتفاق کیا لیکن بی آر ایس سے سازش کی گئی اور عہدیداروں پر حملہ کیا گیا تاکہ پراجکٹ کے قیام میں رکاوٹ پیدا ہو۔ مہیش کمار گوڑ نے الزام عائد کیا کہ سیاسی مقصد براری کیلئے کے ٹی آر کسانوں کو مشتعل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اقتدار سے محرومی پر بوکھلاہٹ کا شکار کے ٹی آر حکومت کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ پیدا کرنا بی آر ایس کی سازش کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلکٹر اور دیگر پر حملہ میں کارروائی سے کے ٹی آر بچ نہیں سکتے ۔ تحقیقات میں کے ٹی آر کا ملوث ہونا ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حملہ کی سازش کے سلسلہ میں پولیس نے ملوث افراد کی نشاندہی کرلی ہے۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ بی آر ایس کے جس لیڈر نے احتجاج کی قیادت کی ، اس کی زمین تک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حملہ کے سلسلہ میں کے ٹی آر کی پارٹی قائدین سے بات چیت کا ثبوت پولیس کو کال ڈیٹا کے ذریعہ حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں کے ٹی آر اصل ملزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فارمولہ ای ریس معاملہ میں 55 کروڑ کی غیر قانونی اجرائی سے کے ٹی آر کا راست تعلق ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ حکومت کے ایک سال کی تکمیل کے ضمن میں 2 یا 3 ڈسمبر کو حیدرآباد میں بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا جس میں لاکھوں عوام شرکت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ 16 نومبر سے اضلاع کا دورہ کریں گے۔ 1