وقت آنے پر اپنے ممکنہ جانشین کا اعلان کرو ں گا: پوٹن

   

ماسکو : روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے چہارشنبہ کو روسی عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وقت آنے پر وہ اپنے ممکنہ جانشین کا اعلان کریں گے۔ لیکن اْن کے بعد ملک کی قیادت کون کرے گا اس کا حتمی فیصلہ ووٹرز کو ہی کرنا ہے۔68سالہ پوٹن رواں صدی کے آغاز ہی سے صدر یا وزیر اعظم کے عہدوں پر فائز رہے ہیں۔ ان کی موجودہ چھ سالہ مدت 2024 کے اواخر تک جاری رہے گی۔البتہ ان کے اس بیان کا تجزیہ کار باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا پوٹن اپنے اقتدار کو طول دینے کا ارادہ رکھتے ہیں یا نہیں۔سرکاری ٹی وی پر عوام کے ساتھ سوال و جواب کے سالانہ سیشن کے دوران گفتگو کرتے ہوئے روسی صدر کا کہنا تھا کہ ”وقت آئے گا جب مجھے امید ہے کہ میں یہ کہہ سکوں گا کہ میری رائے میں یہ شخص اس قابل ہے کہ وہ روس جیسے ہمارے شان دار وطن کی قیادت کر سکے۔”واضح رہے کہ سرد جنگ کے دوران پوٹن سابق سوویت یونین کی خفیہ ایجنسی ‘کے جی بی’ کے افسر تھے۔ دسمبر 1999 میں ان کے پیش رو صدر بورس یلسن نے انہیں قائم مقام صدر کے طور پر نامزد کیا تھا۔ بورس یلسن سابقہ سوویت یونین دور کے بعد روس کے پہلے صدر تھے۔پوٹن کے اصرار پر گزشتہ برس روسی آئین میں تبدیلیاں کی گئی تھیں جس میں اجازت دی گئی تھی کہ وہ مزید دو بار چھ سالہ مدت کے انتخاب میں امیدوار ہو سکتے ہیں اور یوں وہ ممکنہ طور پر 2036 تک صدر رہ سکتے ہیں۔