وقت کا بہترین استعمال کامیابی کی کلید ، روشن مستقبل کیلئے ماں باپ کی دعائیں ضروری

   

زندگی میں کچھ بننا ہو تو موبائل سے دور رہیں ، ایم بی بی ایس فری سیٹ حاصل کرنے والے ٹمریز جونیر کالج نارائن پیٹ کے طالب علم محمد شریف کا مشورہ
آئی اے ایس بننا میرا خواب ، NIT ناگالینڈ میں داخلہ لینے والے سائی کمار کا اظہار خیال
حیدرآباد ۔ 31 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : انسان کو ہمیشہ اللہ کا شکر ادا کرنا چاہئے ، ماں باپ کی خدمت کرتے ہوئے ان کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرتے ہوئے اور ان کی دعائیں حاصل کرنا چاہئے کیوں کہ ماں باپ کی دعاؤں میں قدرت نے وہ تاثیر رکھی ہے کہ ناکام بھی کامیابی حاصل کرلیتا ہے ۔ جن کے ساتھ والدین کی دعائیں ہوتی ہیں انہیں ترقی کی راہوں پر آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا ۔ طلبہ کو پوری سنجیدگی سے محنت کرنی چاہئے کیوں کہ محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی ، اس کے ساتھ ہی طلبہ کو وقت ضائع نہیں کرنا چاہئے وہ خود کو موبائل فون سے دور رکھیں ۔ اس کا صحیح استعمال کریں اور جو یہ سوچتے ہیں کہ غریب ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہوتی وہ بھی بالکل غلط ہے اس لیے کہ غریبی میں ہی انسان کی شخصیت میں نکھار پیدا ہوتا ہے ۔ یہ طلباء وطالبات کے نام ٹمریز جونیر کالج نارائن پیٹ کے اس طالب علم کا پیغام ہے جس نے نیٹ میں 547 نمبرات حاصل کرتے ہوئے گورنمنٹ میڈیکل کالج محبوب نگر میں اپنے داخلہ کو یقینی بنایا ہے ۔ ہم یہاں بات کررہے ہیں ہونہار طالب علم محمد شریف کی جنہوں نے انٹر میڈیٹ میں 1000 نمبرات میں سے 972 نشانات حاصل کئے اور پھر نیٹ میں 547 نمبرات حاصل کر کے ایم بی بی ایس کی فری سیٹ حاصل کی ۔ اس طالب علم نے اپنے والد محمد رفیق اور اساتذہ کے ساتھ نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں سے ملاقات کی ۔ آپ کو بتادیں کہ محمد شریف کے بشمول ٹمریز جونیر کالجس کے 5 طلبہ کو ایم بی بی ایس میں مفت سیٹس حاصل ہوئی ہیں جن میں زینب زنیرہ ( نرمل ) ایم ڈی طاہر شریف اور گوتم راج ( ٹمریز جونیر کالج بارکس ) اور سی ایچ ماناسا شامل ہیں ۔ محمد شریف نے اپنی کامیابی کے لیے سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا ۔ سیاست سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے پرنسپل اے جگدیشور ریڈی ، فزیکس کے لکچر دانا پرساد ، سیدہ فاطمہ ( زوالوجی ) ، محمود سر ( باٹنی ) ، سنجے کرشنا گنایا ( لکچرر کیمسٹری ) کا بطور خاص ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی کا کریڈیٹ کالج پرنسپل اور لکچررس کو جاتا ہے ۔ محمد شریف نے ہیلتھ سپروائزر محمد حسن الدین ، وارڈن امتیاز احمد ، اکیڈیمک کوآرڈینٹر محمد سلیم ویجنلس آفیسر ضمیر خاں ، محبوب عالم خاں اور خواجہ بہا الدین ڈسٹرکٹ آفیسر ٹمریز کے حوالے سے بتایا کہ بہتر نتائج ان تمام کی مشترکہ کاوشوں کے باعث برآمد ہوئے ہیں ۔ محمد شریف کو نیٹ میں ریاست کے تمام ٹمریز جونیر کالجس میں پہلا مقام حاصل ہوا ہے ۔ ان کے والد محمد رفیق کولڈرنکس کا ایک چھوٹا سا اسٹال چلاتے ہیں والدہ خاتون خانہ ہیں وہ گدوال کے ایک چھوٹے سے قصبہ حل وکل سے تعلق رکھتے ہیں ۔ ایک ہزار نفوس پر مشتمل اس گاوں میں مسلمانوں کے 20-25 گھر ہیں ۔ محمد شریف نے بتایا کہ ان کے بڑے بھائی کھمم سے بی ایس سی اگریکلچر کررہے ہیں ۔ چھوٹی بہن ٹمریز جونیر کالج عالم پور میں انٹر میڈیٹ کی طالبہ ہے ۔ محمد شریف مستقبل میں ماہر امراض قلب بننے کے خواہاں ہیں ۔ نارائن پیٹ جونیر کالج ٹمریز ایم پی سی کے ایک اور طالب علم نے غیر معمولی تعلیمی مظاہرہ کرتے ہوئے انٹر میڈیٹ میں نہ صرف 1000/980 مارکس حاصل کئے بلکہ JEE مینس میں کل ہند سطح پر 26000 رینک حاصل کیا ۔ سائی کمار ولد کاشی ناتھ کو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ناگالینڈ میں الیکٹرانکس اینڈ انسٹرومینٹیشن انجینئرنگ EIE میں داخلہ ملا ہے ۔ سائی کمار کے والد پی کاشی ناتھ ممبئی میں مزدوری کرتے ہیں اور ماں سلوائی کرتی ہیں ایک بہن کی شادی ہوچکی ہے دوسری فام ڈی کررہی ہے ۔ آئی اے ایس آفیسر بننا سائی کمار کا خواب ہے ۔ سائی کمار کے مطابق طلبہ کو وقت ضائع نہیں کرنا چاہئے ۔ ماں باپ کو خوش رکھنا چاہئے ۔ ان کے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے سنجیدگی سے محنت کرنی چاہئے اور قابل بن کر ملک کی خدمت کا فریضہ انجام دینا چاہئے ۔ سائی کمار نے اسکول پرنسپل اور دوسرے اساتذہ کے ساتھ ساتھ خاص طور پر ریاضی کی لکچرر صالحہ جبیں کا شکریہ ادا کیا ۔ آپ کو بتادیں کہ محمد شریف ہر روز 8 تا 10 گھنٹے اور سائی کمار 15 ۔ 16 گھنٹے مطالعہ میں غرق رہا کرتے تھے ۔ محمد شریف نے کواینٹٹی کی بجائے کوالیٹی کی پالیسی اپنانے پر زور دیا ۔ نیوز ایڈیٹر سیاست نے دونوں طلباء کو مبارکباد دیتے ہوئے ممکنہ تعاون کا تیقن دیا ۔۔