وقت کی حکومت کے تلوے چاٹنا اویسی برادرس کی عادت

   

کانگریس کی کامیابی سے حیدرآباد کی ترقی :عثمان محمد خاں
حیدرآباد ۔ 8 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے سکریٹری عثمان محمد خاں نے حلقہ لوک سبھا حیدرآباد کے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ اس تبدیلی کو اہمیت دیں اور کانگریس کے امیدوار سمیر ولی اللہ کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناتے ہوئے پرانے شہر کو ترقی دینے میں حکومت کا ساتھ دیں ۔ عثمان محمد خان نے کہا کہ سارے ملک میں تبدیلی کی لہر چل رہی ہے ۔ حیدرآباد لوک سبھا حلقہ کے رائے دہندوں کو بھی اس سمت سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے ۔ ریاست میں کانگریس کی حکومت ہے ۔ حیدرآباد سے سمیر ولی اللہ کامیاب ہوتے ہیں تو پرانے شہر کے حالات بھی بدل جائیں گے ۔ انہیں یقین ہے اس بار کانگریس پارٹی حیدرآباد کی باوقار نشست مجلس سے چھین لے گی ۔ عوام 40 سال سے مجلس کو کامیاب بنا رہے ہیں تاہم اسد الدین اویسی پرانے شہر سے تعلیمی معاشی پسماندگی دور کرنے میں ناکام ہوگئے ۔ پرانے شہر میں بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے ۔ کوئی بھی حکومت ہو اس کے تلوے چاٹنا مجلس کی مجبوری بن گئی ہے ۔ 10 سال تک یو پی اے حکومت کے ساتھ رہے پھر 10 سال بی ٹیم بن کر مودی کے مفادات کی تکمیل کی ہے ۔ اب پھر کسی نہ کسی بہانے سے ہر ایک سے قربت حاصل کرنے اویسی برادرس کوشش کررہے ہیں ۔ اپنی سیاسی مفاد پرستی کے لیے مجلس نے پرانے شہر کو ایک بڑے سلم علاقہ میں تبدیل کردیا ہے ۔ آبادی کا ایک بڑا حصہ سطح غربت سے نیچے زندگی گذار رہا ہے ۔ مگر اویسی برادرس عیش و عشرت کی زندگی گذار رہے ہیں انہیں صرف اپنی اور اپنے جائیدادوں کی فکر ہے جب کہ حلقہ لوک سبھا حیدرآباد کے ووٹرس کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔ وہ بے یار و مددگار ہو کر رہ گئے ہیں ۔ طویل عرصہ سے پرانے شہر پر مجلس کا قبضہ رہا ہے مگر مجلس پرانے شہر کو ترقی ، عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ۔ عوام کو صرف ڈرینج ، سڑکوں کے مسائل میں الجھا کر رکھ دیا گیا ہے ۔۔ 2