ناگارم مسجد کی بے حرمتی واقعہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ، پولیس سے جمعیۃ العلماء کی نمائندگی
نظام آباد :14؍ ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نظام آباد شہر کے 80 کوارٹرس ناگارام میں واقع مسجد کریم میں کل رات دیر گئے نامعلوم شرپسند عناصر کی جانب سے مسجد کی قفل شکنی کے ذریعہ بے حرمتی واقعہ کے خلاف قائد جمعیت العلماء حافظ محمد لئیق خان نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اس واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کرنے کا پولیس سے مطالبہ کیا اور بتایا کہ گزشتہ چند دنوں سے شہر کی پرامن فضا ء کو مکدر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا ایک سال قبل بھی اس علاقے میں فرقہ وارانہ کشیدگی کو پھیلانے کی کوشش کی گئی تھی اور ماہ رمضان میں مسجد کے روبرو واقع کرانہ دکان پر پانچ افراد پہنچ کر مار پیٹ کرتے ہوئے فرار ہو گئے تھے اور مسجد کا مائک چند ماہ قبل طلایہ گردی میں مصروف پولیس کو ملا تھا لیکن اس کے خلاف کوئی بھی کاروائی نہیں کی گئی اس طرح شر پسند عناصر وقفے وقفے سے مسجدکے علاقے میں فرقہ وارانہ حرکتیں کرنے کی کوشش کرتے ہوئے شہر کی پرامن فضا کو بگاڑنا چاہتے ہیں لہذا پولیس ان واقعات کا سخت نوٹ لیتے ہوئے کاروائی کرے تو بہتر ہوگا۔ جس پر پولیس نے اس معاملے کا سخت نوٹ لیتے ہوئے مناسب اقدام کرنے کا تیقن دیا ۔حافظ لئیق خان مسجد کمیٹی کے ہمراہ پولیس میں شکایت بھی درج کروائی ۔حافظ محمد لئیق خان نے عوام سے خواہش کی کہ کسی قسم کی افواہوں پر توجہ نہ دیں حالات پرامن ہے پولیس کی جانب سے مکمل تعاون کیا جا رہا ہے سرکل انسپکٹر نارتھ سرینواس نے اس اس واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائی کرنے کاتیقن دیا اور پولیس کی جانب سے تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے لہذا عوام سے صبر و تحمل کو برقرار رکھنے کی اپیل کی۔