وقف املاک اللہ کی امانت‘ تحفظ کرناہرمسلمان کی ذمہ داری

   

نرمل میںامیدپورٹل سے متعلق شعور بیداری اجلاس ۔سیدعظمت اللہ حسینی کا خطاب

نرمل ۔19نومبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ہمیں اس بات پرفخرہوناچاہئے کہ ہمارا تعلق اس دین سے ہے جس میں راستے کاپتھرہٹانے پربھی ثواب ملتا ہے جبکہ وقف املاک اللہ کی امانت ہے ۔اس کاتحفظ کرنا ہے۔ذمہ دار شہری سیاسی قائدین و علماء حضرات کی ذمہ داری ہے ۔ان خیالات کا اظہار ریاستی صدر نشین وقف بورڈ تلنگانہ مسٹر سید عظمت اللہ حسینی نے آج نرمل میںجمعیۃ العلماء ضلع نرمل کے زیراہتمام مساجد ‘عیدگاہ ‘قبرستان ‘آستانے و عاشورخانے اور تمام وقف جائیدادوںکے لیے امیدپورٹل سے استفادہ کے ضمن میں ایک اجلاس گیلاکسی فنکشن ہال میں منعقدہواتھا جس میں انہوں نے اپنے خطاب میں کیا۔ مسٹر عظمت اللہ حسینی نے بتایاکہ امیدپورٹل رجسٹریشن جو وقف بورڈ میںاندراج ہے اس کا کام تیزی سے جاری ہے تاہم جن مساجد‘قبرستانوںکااندراج نہیں ہواہے اس کے لیے یہ شعور بیداری پروگرام ہر ضلع میں منعقد کیے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ریاستی سطح پرامیدپورٹل کے تحت اندراج کا سلسلہ جاری ہے جو 5دسمبرتک جاری رہے گا۔ تاہم وزیراعلیٰ ریونت ریڈی سے نمائندگی کی جارہی ہے کہ وہ مرکزی حکومت سے سنٹرل پورٹل کے اندراج میں توسیع کیلئے خصوصی طورپرنمائندگی کریں۔ آپ تمام حضرات سے میں گزارش کرتاہوںکہ تمام متولیان ومتعلقین اپنے اپنے وقف جائیدادوں کے دستاویزات محفوظ رکھیںاوران کااندراج امیدپورٹل میں کروائیں۔ آخر میں انہوںنے بتایا کہ وقف بورڈ اور اس سے متعلقہ متولیوں‘سجادہ نشین کی اہم ذمہ داری ہے کہ درگاہیں‘قبرستان ‘ عاشورخانے ‘دینی مدارس جو وقف بورڈ کے تحت آتے ہیں مرکزی حکومت کی ہدایت کے مطابق ہی امیدپورٹل کااندراج کروانا ضروری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وقف آڈٹ انسپکٹرس کے تقررات کے سلسلہ میں بھی بہت جلد اضلاع میں متعین کرنے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔اس جلسہ کی صدارت مولانامفتی عبدالغنی قاسمی صدرجمعیۃ العلماء ضلع نرمل کے علاوہ مقامی جمعیۃ کے ذمہ داران مفتی الیاس احمد حامد قاسمی ‘مولاناعبدالعلیم قاسمی امام وخطیب مسجدسلیم ‘مفتی کلیم احمد مظاہری نے بھی خطاب کیا۔