وقف بل کے خلاف آواز بلند کرنے مسلمانوں سے اپیل ، عیدگاہ گمبھی راؤ پیٹ میں صدرنشین وقف بورڈ کا خطاب
گمبھی راوپیٹ، سرسلہ۔یکم اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ وقف بورڈ کے صدر نشین جناب سید عظمت اللہ حسینی حسب روایت عید الفطر منانے کے لیے اپنے آبائی وطن گمبھی راوپیٹ پہنچے، جہاں انہوں نے مقامی عیدگاہ میں نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ نماز عید ادا کی۔ نماز کے بعد انہوں نے عوام سے خطاب کیا، جس میں انہوں نے مسلمانوں کو صراط مستقیم پر گامزن ہونے کی تلقین کی اور اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی اہمیت پر زور دیا۔جناب عظمت اللہ حسینی نے عوام کو تلقین کی کہ وہ رمضان کے بعد بھی محتاجوں اور ضرورت مندوں کا خیال رکھیں، کیونکہ اسلامی معاشرہ اسی وقت ترقی کر سکتا ہے جب اس میں تمام افراد کو مساوی حقوق حاصل ہوں اور کوئی بھی بھوک یا غربت کا شکار نہ ہو۔جناب سید عظمت اللہ حسینی نے مرکزی حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ میں پیش کیے جانے والے وقف ترمیمی بل پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بل مسلم اداروں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وقف املاک مسلمانوں کی امانت ہیں اور ان کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس بل کی مخالفت میں جمہوری انداز میں اپنی آواز بلند کریں اور حکومت کو یہ باور کرائیں کہ مسلم اداروں میں کسی بھی غیرضروری مداخلت کو ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔جناب عظمت اللہ حسینی نے مقامی ملی مسائل پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ وہ جامع مسجد کی مرمت، میناروں کی تعمیر نو اور مسلم شادی خانے کی ازسرنو تعمیر کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔صدر نشین تلنگانہ وقف بورڈ نے وقف بورڈ کے بنیادی مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس ادارے کا اولین مقصد مسلمانوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مذہبی، تعلیمی اور سماجی اداروں کا تحفظ ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ وقف املاک کے تحفظ کے لیے بیداری مہم چلائیں اور غیر قانونی قبضوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی میں وقف بورڈ کا ساتھ دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وقف املاک کی دیکھ بھال اور انہیں ترقی دینے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے تاکہ یہ املاک آنے والی نسلوں کے لیے بھی مفید ثابت ہوسکیں۔انھوں نے اس بات کا انکشاف کیا کہ گمبھی راو پیٹ منڈل میں دو سو ایکڑ آراضی درج وقف ہے جس پر کچھ ارضی پرناجائز قبضہ ہے انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ بچی ہوئی زمین کی حفاظت کریں ۔ جناب عظمت اللہ حسینی نے نوجوانوں کو تعلیم اور ہنر حاصل کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں تعلیمی ترقی ہی کسی بھی قوم کی کامیابی کی ضمانت ہے۔اس عید الفطر کے اجتماع میں سینکڑوں فرزندان توحید نے حصہ لیا جہاں ساڑھے نو بجے نماز ادا کی گئی خطیب و امام جامع مسجد ابوالکلام نے امامت کے فرائض ادا کیے ۔ انھوں نے اجتماع کو خطاب کیا اور مسلمانوں کو اتحاد و یکجہتی پر زور دینے کے ساتھ ساتھ دینی و سماجی امور میں سرگرم رہنے کی تلقین کی۔ اجتماع کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ عوام نے جناب سید عظمت اللہ حسینی کی کوششوں کو سراہا اور ان کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلایا۔