وقف اور انڈومنٹ اراضیات کی تباہی کیلئے ریاستی وزراء ذمہ دار

   

صرف راجندر کے خلاف کارروائی کیوں، کانگریس قائد ہنمنت راؤ کا سوال؟
حیدرآباد۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے کرپشن کے خاتمہ اور غریبوں کی اراضیات کے تحفظ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی دلچسپی کی ستائش کی تاہم الزام عائد کیا کہ حکومت کی جانب سے مخصوص افراد کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ اگر چیف منسٹر غریبوں کی اراضیات کے معاملہ میں سنجیدہ ہیں تو انہیں ناجائز قبضوں کے الزامات کا سامنا کرنے والے وزراء، ارکان اسمبلی اور قائدین کے خلاف بھی کارروائی کا اعلان کرنا چاہیئے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ وزیر لیبر ملاریڈی پر ناجائز قبضوں کے علاوہ جبراً فروخت کرنے کیلئے دھمکیاں دینے کے الزامات ہیں۔ کئی آڈیوز سوشیل میڈیا پر وائرل ہوئے جس میں ریاستی وزیر کو دھمکاتے ہوئے سنا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملا ریڈی کے خلاف الزامات کی بھر مار کے باوجود چیف منسٹر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ ریاستی وزیر پی اجئے کمار اور ایم ایل سی پی راجیشور ریڈی پر بھی اراضیات پر قبضوں کے کئی الزامات ہیں اور میڈیا میں خبریں شائع ہوچکی ہیں۔ ان تمام کو چھوڑ کر صرف راجندر کو نشانہ بنانا باعث افسوس ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ کورونا کی موجودہ صورتحال میں راجندر عوام کو بہتر علاج کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے کوشاں تھے۔ وہ مختلف دواخانوں کا دورہ کرتے ہوئے علاج کے بارے میں معلومات حاصل کررہے تھے۔ ایسے شخص کو اچانک وزارت صحت سے برطرف کردیا گیا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ کانگریس پارٹی کرپشن اور اراضیات کے معاملہ میں چیف منسٹر کی جانب سے تمام قائدین کے ساتھ یکساں سلوک کا مطالبہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیسرا منڈل میں 1981 میں آنجہانی اندرا گاندھی دور حکومت میں دلتوں کو الاٹ کی گئی اراضی پر ٹی آر ایس قائدین نے ناجائز قبضہ کرلیا۔ 2003 میں فرضی دستاویزات کے ساتھ اسے ذاتی اراضی قرار دی گئی لیکن حکومت نے قابضین کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔ ورنگل میں رکن اسمبلی یادگیری ریڈی نے غریبوں کی اراضیات پر قبضہ کیا ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں وقف، بھودان ، انڈومنٹ اور اسائنڈ اراضیات پر ناجائز قبضوں میں برسراقتدار پارٹی کے وزراء اور قائدین ملوث ہیں لیکن حکومت ان تمام کی پشت پناہی کررہی ہے۔ ہنمنت راؤ نے انتباہ دیا کہ اگر تمام قائدین کے خلاف یکساں طور پر کارروائی نہیں کی گئی تو ایک ہفتہ بعد کانگریس پارٹی عوام کے ساتھ ناجائز قبضہ کی گئی اراضیات پر احتجاج منظم کرے گی۔ انہوں نے راجندر کی طرح دیگر قائدین کے خلاف بھی اینٹی کرپشن اور ویجلنس کے ذریعہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔