نئی دہلی۔ 16 اگست (ایجنسیز) آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈنے سپریم کورٹ سے رجوع ہوکر مطالبہ کیا ہے کہ مرکزی حکومت کے ذریعہ حال ہی میں شروع کیے گئے ‘‘UMEED پورٹل’’ پر پابندی عائد کی جائے۔ جب تک وقف ایکٹ 2025 کو چیلنج کرنے والی درخواستوں پر سماعت زیر التوا ہے اس پورٹل کو معطل رکھا جائے۔ بورڈ نے عدالت سے اپیل کی ہے کہ وہ یا تو پورٹل کو فوری طور پر روک دے یا مرکز کو اس کا نوٹیفکیشن واپس لینے کا حکم دے۔ بورڈ کے قومی ترجمان ڈاکٹر قاسم رسول الیاس نے کہا کہ حکومت کو بار بار وارننگ اور اعتراضات پیش کرنے کے باوجود یہ پورٹل 6 جون کو شروع کیا گیا۔تمام مذاہب نے پورٹل کی مخالفت کی ہے۔ بورڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس میں بہت سی قانونی اور آئینی خامیاں ہیں۔ یہ نہ صرف مسلم کمیونٹی بلکہ دیگر اقلیتی گروہوں کے لیے بھی تشویشناک ہے۔ بورڈ نے دلیل دی کہ اپوزیشن جماعتوں، انسانی حقوق کی تنظیموں، سول سوسائٹی اور یہاں تک کہ سکھ اور عیسائی برادریوں نے بھی اس ایکٹ اور پورٹل کی مخالفت کی ہے۔