لاپرواہی پر سنگین نتائج کا اندیشہ، نظام آباد میں شعور بیداری مہم، کیو آر کوڈ کے ذریعہ جے پی سی کو ای میل بھیجنے کی ترغیب
نظام آباد۔ 10 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اوقافی جائیدادوں کا تحفظ ہرمسلمان کی اپنی ذمہ داری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا عبد القیوم شاکر القاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء امام وخطیب مسجد اسلامیہ وخادم دارالعلوم سعیدیہ مالاپلی نظام آباد نے کیا، انہوں نے کہا کہ ہماری مساجد ومدارس اور درگاہوں وقبرستانوں اور مسلمانوں کی وقف کردہ جائیدادوں پر قبضہ جمانے اور وقف بورڈ کے اختیارات کو ختم کرنے کی نیت سے موجودہ مرکزی حکومت وقف ترمیمی بل کو لاگو کرنا چاہتی ہے جو سراسر ظلم اور ناانصافی پر مبنی ہے۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے علاوہ ملک کی دینی ملی فلاحی ومذہبی تمام جماعتوں نے اس بل کو یکسر مسترد کردیا ہے نیز (جے پی سی)جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی نے بھی عوام الناس سے رائے عامہ طلب کی ہے جس کی آخری تاریخ 13 ستمبر ہے۔ اس سلسلہ میں شعور بیداری کے لئے آج شہر نظام آباد کی مختلف مساجد کے پاس دارالعلوم سعیدیہ کے زیر اہتمام پروگرام منعقد کرکے مسلمانوں کو ای میل کے ذریعہ وقف بل کے خلاف اپنی اپنی رائے روانہ کرنے کی ترغیب دی گئی جس سے سینکڑوں مسلمانوں نے استفادہ کیا ۔ مسجد اسلامیہ مسجد فرحت النساء اورمکہ مسجد، مسجد عابدہ مسجد حمیدہ، مسجد طیبہ، مسجد ہاشمی نور مسجد پر کیو آر کوڈ کے فلکس لگائے گئے اور مسلمانوں سے پرزور اپیل کی گئی کہ وہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے جاری کردہ کیو آر کوڈ کو اسکائن کرکے اپنا احتجاج درج کرائیں صدر مسجد اسلامیہ معراج علی خان محمد ثناء اللہ خان اظہر خان پرویز احمد نے اپیل کی کہ آئندہ تین دنوں یعنی 13 ستمبر تک ہر مسلمان اس کام کو ضرور انجام دیں۔ مفتی عبد الماجد قاسمی مولانا ابرار قاسمی مفتی سہیل قاسمی مولانا اعجاز قاسمی مولانا ارشد علی قاسمی مفتی عبد المبین قاسمی مولانا حفیظ علی قمر حافظ راشد حافظ فیاض مخدوم حافظ حنیف حافظ محسن حافظ معز کے علاوہ دارالعلوم سعیدیہ کے شعبہ عالمیت سے تعلق رکھنے والے طلباء محلہ اسلامیہ محلہ کھوجہ کالونی محلہ احمد پورہ محلہ آٹو نگر کے نوجوانوں کے علاوہ مساجد کمیٹی کے ذمہ داران اور گولڈن کئیر ویلفر سوسائٹی کے اراکین نے اس مہم میں حصہ لیا۔