نئی دہلی :راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) کے ریاستی جنرل سکریٹری شاہ زیب رضوی نے وقف بل کی پارٹی کی حمایت سے ناراض ہوکر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اس کا اعلان انہوں نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے کیا اور پارٹی صدر جیئنت چودھری پر شدید تنقیدکرتے ہوئے کہا کہ وہ بھٹک گئے ہیں۔شاہ زیب رضوی نے کہا کہ مسلمانوں نے جینت چودھری کی دل سے حمایت کی تھی لیکن انہوں نے برادری کے ساتھ انصاف نہیں کیا۔انہوں نے الزام لگایا کہ جیئنت چودھری سیکولرازم کے راستے سے ہٹ چکے ہیں اور اب ان کی پالیسیاں کمیونٹی کے مفادات کے خلاف ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلمانوں نے جیئنت چودھری کو بڑی تعداد میں ووٹ دیا لیکن انہوں نے ہمارے ساتھ کھڑے ہونے کے بجائے وقف بل کی حمایت کی یہ ہمارے جذبات اور حقوق کے خلاف ہے۔اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ جن پارٹیوں کی مسلمانوں نے تائید کی اور مین اسٹریم میں لایا آج وہی پارٹیاں ان کے خلاف بنائے گئے قوانین کی حمایت کر رہی ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر جینت چودھری کا نام لیا اور کہا کہ جو لیڈر خود کو سیکولر کہتے تھے آج انہوں نے مسلمانوں کو دھوکہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی اتر پردیش میں راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) کے 10 ایم ایل اے منتخب ہوئے جس میں مسلمانوں کا بڑا حصہ ہے۔ انہوں نے مسلمانوں سے بھی اپیل کی کہ وہ انتخابات کے دوران اپنے فیصلے دانشمندی سے لیں اور ان لوگوں پر بھروسہ نہ کریں جو انہیں دھوکہ دیتے ہیں۔