پٹنہ: بہار میں حکمراں جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے سینئر لیڈر قاسم انصاری نے وقف ترمیمی بل کو منظور کرنے کے لیے جے ڈی یو کی حمایت کے خلاف احتجاج میں آج پارٹی سے استعفیٰ دے دیا۔جے ڈی یو کے قومی صدر اور بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کو بھیجے گئے اپنے استعفیٰ نامہ میں قاسم انصاری نے کہا کہ بل کی حمایت کرنا مسلم کمیونٹی کے مفادات کے خلاف ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ نتیش کمار نے مسلم رہنماؤں اور تنظیموں کی درخواستوں کو نظر انداز کیا اور مرکز کی بی جے پی حکومت کو لوک سبھا میں بل پاس کرانے میں مدد کی۔انہوں نے اپنے خط میں کہا کہ مسلم رہنماؤں اور تنظیموں کی بار بار کی درخواستوں کے باوجود، وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بل کی حمایت کی۔ اس سے نریندر مودی حکومت کے لیے اسے منظور کرنا آسان ہو گیا۔انہوں نے خاص طور پر جے ڈی (یو) کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ پر ایوان میں بل کی حمایت کرنے پر تنقید کی اور اسے مسلم برادری کیلئے مایوس کن اور پریشان کن قرار دیا۔
مسٹر قاسم انصاری نے کہا کہ مسلم کمیونٹی کو چیف منسٹر نتیش کمار پر سکیولر لیڈر ہونے کا بھروسہ تھا لیکن انہوں نے وقف ترمیمی بل پر بی جے پی کے موقف کی حمایت کرکے اس یقین کو تار تار کردیا۔
واضح ر ہے کہ اس سے قبل آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ سمیت متعدد مسلم تنظیموں نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے پارلیمنٹ میں بل کو رکوانے کے لیے اپنا سیاسی اثر و رسوخ استعمال کرنے کی اپیل کی تھی۔