اوٹکور میں جمعہ کے موقع پر زبردست احتجاجی مظاہرہ، تحصیلدار، ایم پی ڈی او کو یادداشت
اوٹکور۔/4 اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر اوٹکور کی وسیع و عریض جامع مسجد پنچ کے میدان سے وقف بل کے خلاف پورے مساجد کے مصلیان کی کثیر تعداد میں سینکڑوں فرزندان توحید نے غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے سیاہ پٹیاں باندھ کر اور سیاہ جھنڈے لگاتے ہوئے ہاتھوں میں پلے کارڈز تھامے ہوئے چلچلاتی دھوپ کی پرواہ کئے بغیر اوٹکور کی اہم شاہراہوں سے گذرتے ہوئے احتجاجی ریالی منظم کی گئی اور وقف ترمیمی بل کی منظوری کی شدت سے پرزور مذمت کی گئی۔ اس کے علاوہ اوٹکور کے ائمہ حضرات نے بھی نماز جمعہ سے قبل اپنے اپنے خطابات میں اس بل کی سختی سے مذمت کی اور اس کو غیر آئینی اور غیر جمہوری قرار دیا۔ نہ صرف شریعت میں مداخلت بلکہ مستقبل میں اوقافی جائیدادوں کو شدید نقصان پہنچنے کا امکان قرار دیا۔اس کالے قانون کے خلاف ایک یادداشت مقامی تحصیلدار اوٹکور دھنجئے اور ایم آر ڈی او آفس میں بہ سماعت واقف کراتے ہوئے حوالے کی گئی اور کہا گیا کہ وزیر اعظم مودی نے مسلمانوں کے خلاف اعلان جنگ کردیا ہے۔ چندرا بابو نائیڈو، نتیش، جے ڈی یو نے بھی مسلمانوں کے خلاف لوک سبھا میں جاکر مسلمانوں کو دھوکہ دیا۔ مسلمانوں نے فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے کہا کہ دستور اور مذہبی آزادی یہ بل ایک زبردست المیہ قرار دیا اور اوٹکور کی تمام مساجد کے صدور کمیٹی کے ذمہ داران نے کہا کہ مسلم پرسنل لا بورڈ اس کالے قانون کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرے تو اوٹکور کے تمام کمیٹی ممبران ، صدور کمیٹی اور سب آگے آنے تیار رہیں گے۔