وقف بل کے خلاف شعور بیداری مہم

   

بھینسہ 11/ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ میں صفا بیت المال کی جانب سے وقف ترمیمی بل کی منسوخی کے لئے عوام بلخصوص مسلمانوں میں پْرجوش انداز میں شعور بیدار کیا جارہا ہے اور صفا بیت المال کے ذمہ داران جن میں حافظ منیر الدین صدر اور محمد خالد احمد و دیگر شہر کے مختلف عوامی علاقوں میں جذبہ ایمانی کے ذریعہ گشت کرتے ہوئے مسلمانوں سے ملاقات کررہے ہیں اور وقف ترمیمی بل کی منسوخی سے متعلق تفصیلی طور پر واقف کرواتے ہوئے مسلمانوں کے موبائل فونس سے میل روانہ کیا جارہا ہے علاوہ ازیں وقف ترمیمی بل کی منسوخی مہم میں صفا بیت المال کے ذمہ داروں کے علاوہ بھینسہ شہر کے علمائے اکرام ، مسلم قائدین ، اردو صحافی ، ذمہ داران ملت اور نوجوان طبقہ بھی انتہائی فکر و جستجو کا مظاہرہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمس کے ذریعہ مسلمانوں میں بڑے پیمانے پر شعور بیداری کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے وقف ترمیمی بل کی منسوخی کے لیے اپیل کرنے میں سرگرم دیکھے جارہے ہیں۔
کریم نگر میں ادارہ ادب اسلامی کے زیر اہتمام12 اکٹوبر کو مشاعرہ
کریم نگر /11 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ادارہ ادب اسلامی کی جانب سے 12 اکٹوبر بروز ہفتہ شہر کریم نگر میں ریاستی اردو کنونشن اور کل ہند مشاعرہ منعقد ہوگا ۔ ادبی اجلاس دن کے اوقات میں ہوگا ۔ جبکہ کل ہند مشاعرہ 12 اکٹوبر کی شب 9 بجے منعقد ہوگا ۔ ریاستی صدر ادارہ ادب اسلامی تلنگانہ شعیب الحق طالب نے دفتر جماعت اسلامی مکرم پورہ کریم نگر پر پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے یہ اہم اعلان کیا ۔ مشاعرہ کی صدارت ڈاکٹر حسن رضا کریں گے ۔ ادبی اجلاس میں تعمیری ادب کا فروغ کیوں اور کیسے ؟ کے عنوان پر مختلف یونیورسٹی کے پروفیسرس مقالہ جات پیش کریں گے ۔ اسی اجلاس کے دوسرے سیشن میں محفل افسانہ بھی منعقد کیا جائے گا ۔ مقام کا عنقریب اعلان کیا جائے گا ۔ اس موقع پر شیخ لائق علی وارثی معتمد ادارہ ادب اسلامی تلنگانہ اور محمد نثار احمد صدر ادارہ کریم نگر بھی موجود تھے اور سعادت علی صدیقی اسٹاف رپورٹر سیاست و ناظم نشر و اشاعت ادارہ بھی موجود تھے ۔