وقف بورڈ انسپکٹر کے تقرر کیلئے چیرمین وقف بورڈ سے نمائندگی

   

عادل آباد ۔ 10 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)عادل آباد میں تقرباً 7 سال سے وقف بورڈ انسپکٹر کی عدم موجودگی سے تلنگانہ وقف بورڈ چیرمین سید عظمت اللہ حسینی کو نمائندہ سیاست محبوب خان کی جانب سے توجہ دلانے پر انہوں نے تیقن دیا کہ وہ انتخابات کے بعد عادل آباد کے لئے وقف بورڈ انسپکٹر کا تقرر عمل میں لائیں گے۔ وقف بورڈ چیرمین نے سابق حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ وقف بورڈ انسپکٹر کے تقررات کرنے میں اور وقف بورڈ کی فاضل اراضیات کا تحفظ کرنے میں ناکام ہوچکی ہے جس کے پیش نظر وقف بورڈ کے تحت پائے جانے والی 77 ہزار ایکڑ اراضی کے منجملہ 55 ہزار ایکڑ اراضی پر غیر مجاز قبضہ اور عدالت میں کیس زیررواں ہیں۔ عظمت اللہ حسینی مستقر عادل آباد کے سنٹر ل گارڈن میں عادل آباد لوک سبھا امیدوار کے انتخابی جلسہ سے خطاب کی غرض شرکت کئے ہوئے تھے۔ اس سے قبل انہوں نے نمائندہ سیاست محبوب خان سے گفت و شنید کرتے ہوئے کہا کہ وہ عنقریب عادل آباد میں محکمہ کے سی او و دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پہنچ کر عادل آباد میں وقف بورڈ کے تحت پائی جانے والی اراضی کا تفصیلی مشاہدہ کریں گے اور غیر مجاز قبضوں کو برخاست کرتے ہوئے وقف اراضی کی حفاظت کی خاطر حصار بندی کریں گے۔ بعد ازاں موصوف سنٹرل گارڈن میں منعقدہ انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے لوک سبھا امیدوار آترم سگنا کو کامیاب بنانے کی عوام سے خواہش کی۔