صدر نشین محمد سلیم آج حج ہاوز سے امدادی کٹس روانہ کریں گے
حیدرآباد۔ تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے شہر میں بارش اور سیلاب کے متاثرین میں امدادی پیاکیج کی تقسیم کا 11 نومبر سے آغاز ہوگا۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم عوامی نمائندوں کی موجودگی میں حج ہاوز سے امدادی پیاکیج کی متاثرہ علاقوںکو روانگی کا آغاز کریں گے۔ حج ہاوز نامپلی میں بعض متاثرہ خاندانوں میں امدادی کٹس کی تقسیم کے ذریعہ اس پروگرام کا آغاز کیا جائے گا۔ محمد سلیم نے خصوصی دلچسپی کے ذریعہ 20 لاکھ روپئے مالیتی امدادی اشیاء تقسیم کا فیصلہ کیا ہے۔ متاثرین میں جو امدادی کٹس تقسیم کئے جائیں گے ان میں اناج پر مشتمل اشیاء کے علاوہ بلانکٹس، میاٹ اور بیڈ شیٹ کو شامل کیا گیا ہے۔ 2000 خاندانوں میں امدادی اشیاء کی تقسیم کا منصوبہ ہے۔ شہر کے ارکان اسمبلی سے ربط قائم کرتے ہوئے متاثرہ علاقوںکی نشاندہی کی گئی ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ وقف انسپکٹرس اور مقامی عوامی نمائندوں کی موجودگی میں تقسیم کا کام عمل میں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ منشائے وقف کے مطابق غریب اور مستحق مسلمانوں کی مدد کرنے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے متاثرین کیلئے 10 ہزار روپئے امدادی رقم اور گھروں کے نقصانات پر امداد کا اعلان کیا ہے۔ وقف بورڈ نے اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے متاثرین میں غذائی اجناس اور دیگر اشیاء کی سربراہی کا فیصلہ کیا ہے۔