تعلیمی اور طبی ضرورتوں کیلئے امداد، صدرنشین محمد سلیم کا بیان
حیدرآباد : تلنگانہ وقف بورڈ سے مطلقہ خواتین کو ماہانہ وظیفہ کے طور پر 5 لاکھ روپئے سے زائد رقم جاری کی گئی۔ صدرنشین بورڈ محمد سلیم نے آج کئی درخواست گذاروں میں ماہانہ پنشن کے چیکس تقسیم کئے۔ وقف بورڈ کی گرانٹ اِن ایڈ سے مطلقہ خواتین کو عدالت سے مقرر کردہ رقم بطور گزارا دی جاتی ہے۔ ہر ماہ وقف بورڈ 361 مطلقہ خواتین کو عدالت سے طے کردہ رقم جاری کرتا ہے۔ صدرنشین نے بتایا کہ تمام مطلقہ خواتین کو وظیفہ کی رقم بینک اکاؤنٹ میں جمع کردی گئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بورڈ کی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جس کے ذریعہ تعلیمی، طبی اور چھوٹے کاروبار کیلئے مدد کا منصوبہ ہے۔ وقف بورڈ کی جانب سے غریب افراد کو علاج کے لئے رقم جاری کی جاتی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ کے سی آر حکومت غریبوں کی بھلائی کے لئے کئی قدم اُٹھارہی ہے۔ باوجود اِس کے وقف بورڈ نے بھی غریب مسلمانوں کی مدد کا فیصلہ کیا کیوں کہ اوقافی جائیدادوں کا مقصد غریبوں کی خدمت ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ جائیدادوں اور اراضیات کو مسلمانوں کے فائدہ کے لئے وقف کیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ حالیہ عرصہ میں وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ ہوا اور کرایہ جات کی بروقت وصولی اور اضافہ کے ذریعہ آمدنی میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ وقف بورڈ کی جانب سے غریب طلبہ میں نوٹ بُکس کی تقسیم کا عمل گزشتہ سال شروع کیا گیا۔ جاریہ سال لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں اسکولس بند ہیں لہذا طلبہ میں نوٹ بُکس تقسیم نہیں کئے گئے۔ اُنھوں نے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا کہ اُنھوں نے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے لئے تاریخی فیصلے کئے ہیں۔