وقف بورڈ سے میاریج اور دیگر سرٹیفکٹس کی عاجلانہ اجرائی کی ہدایت

,

   

صدرنشین محمد سلیم کا دورہ، کاونٹرس اور عملہ کی تعداد میں اضافہ
حیدرآباد : صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے شعبہ قضاۃ کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے آج اچانک دورہ کیا ۔ انہوں نے میاریج اور دیگر سرٹیفکٹس کی عاجلانہ اجرائی کیلئے کاونٹرس اور اسٹاف کی تعداد میں اضافہ کی ہدایت دی۔ شعبہ قضاۃ میں سرٹیفکٹس کے لئے آن لائین درخواستوں کے ادخال کے طریقہ کار کو ختم کردیا گیا ہے اور درخواست گزاروں کو شخصی طور پر دفتر پہنچنا ہوگا۔ آن لائین سسٹم کے نتیجہ میں درمیانی افراد کے رول میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے یہ طریقہ کار ختم کرنا پڑا۔ میاریج اور دیگر سرٹیفکٹس کیلئے شعبہ قضاۃ میں کافی ہجوم دیکھا گیا اور سماجی فاصلہ کا کوئی تصور نہیں تھا۔ صدرنشین وقف بورڈ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کاونٹرس میں اضافہ کرتے ہوئے سماجی فاصلہ کے ساتھ زائد قطاروں کا انتظام کریں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر ضروری ہے۔ انہوں نے درخواست گزاروں کو مشورہ دیا کہ وہ لازمی طور پر ماسک کا استعمال کریں اور سماجی فاصلہ کے ساتھ قطار بنائیں۔ زائد درخواستوں سے نمٹنے کیلئے ٹوکن سسٹم دوبارہ متعارف کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ عوام سماجی فاصلہ کے ساتھ اپنی باری کا انتظار کرسکے۔ ٹوکن سسٹم کی صورت میں قطار کی ضرورت نہیں پڑتی اور ٹوکن نمبر کے مطابق درخواست گزاروںکو کاونٹر پر طلب کیا جاتا ہے۔ حج ہاؤز میں کورونا کیسیس منظر عام پر آنے کے بعد سے احتیاطی تدابیر میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے درخواست گزاروں کو تیقن دیا کہ سرٹیفکٹس کی اجرائی میں تیزی پیدا کرنے کیلئے اسٹاف کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا اور اس سلسلہ میں چیف اگزیکیٹیو آفیسر کو ہدایت دیں گے ۔