وقف بورڈ سے 2 کروڑ کے اجناس کی تقسیم کے گائیڈ لائنس کی تیاری

   

Ferty9 Clinic

حکومت نے دعوت افطار اور ملبوسات کی تقسیم منسوخ کردی
حیدرآباد۔/28اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے لاک ڈاؤن سے متاثرہ غریب مسلم خاندانوں میں غذائی اجناس کی سربراہی کیلئے 2 کروڑ روپئے مختص کئے گئے لیکن حکومت کی جانب سے اناج کی تقسیم کے فیصلہ پر روک لگادی گئی۔ وقف بورڈ سے وضاحت طلب کی گئی ہے کہ وہ اوقافی اداروں کی رقومات کو خرچ کرنے اور اناج کی تقسیم کے طریقہ کار سے متعلق رہنمایانہ خطوط وضع کریں جس کی بنیاد پر حکومت کوئی فیصلہ کرے گی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم کے احکامات پر وقف بورڈ گائیڈ لائنس کی تیاری میں مصروف ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وقف ایکٹ کے تحت درگاہوں کی آمدنی دیگر مصارف پر خرچ نہیں کی جاسکتی تاہم حکومت کی جانب سے تقسیم کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ وقف بورڈ کے گائیڈ لائینس پر منحصر رہے گا۔ اسی دوران سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم نے رمضان المبارک میں لاک ڈاؤن کے سبب مساجد میں دعوت افطار اور غریبوں میں رمضان گفٹ کی تقسیم کے پروگرام کو منسوخ کردیا ہے۔ اس سلسلہ میں ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم کو احکامات روانہ کئے گئے۔ ہر سال ریاست میں 4.5 لاکھ غریبوں میں ملبوسات تقسیم کئے جاتے ہیں۔