۔20 لاکھ روپئے کی منظوری، پانچ اہم درگاہوں میں بھی تقسیم: محمد سلیم
حیدرآباد۔یکم اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ نے لاک ڈائون سے متاثرہ غریب خاندانوں میں اناج اور دیگر ضروری اشیاء کی تقسیم کا فیصلہ کیا ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے منشا وقف کے عین مطابق غریبوں کی مدد کے لیے 20 لاکھ روپئے کی منظوری دی ہے جس کے تحت 2000 غریب خاندانوں میں چاول اور اناج تقسیم کیا جائے گا۔ چاول اور دیگر اشیاء کی سربراہ کے لیے مختلف تجارتی اداروں سے کوٹیشن حاصل کئے گئے تھے اور زائد سامان کے ساتھ کوٹیشن کو منظوری دی گئی۔ صدرنشین وقف بورڈ نے بتایا کہ غریبوں کی خدمت کے مقصد سے جائیدادیں وقف کی گئی ہیں۔ ان جائیدادوں کے کرایہ جات کی آمدنی سے غریبوں کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2000 خاندانوں میں 500 خاندان 5 اہم درگاہوں کے قریبی علاقوں سے منتخب کئے جائیں گے۔ درگاہ یوسفینؒ، درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ، درگاہ حضرت سعد اللہ حسینیؒ بڑا پہاڑ، درگاہ حضرت جان پاڑ شہیدؒ اور انارم شریف ورنگل کی درگاہوں میں فی کس 100 خاندانوں میں چاول اور اناج تقسیم کیا جائے گا۔ باقی 1500 پیاکٹس شہر کے مختلف علاقوں میں حقیقی معنوں میں غریب اور مستحق خاندانوں کا انتخاب کرتے ہوئے تقسیم کئے جائیں گے۔ وقف انسپکٹرس اور بعض این جی اوز کی نگرانی میں تقسیم عمل میں آئے گی تاکہ حقیقی مستحقین تک اناج پہنچ سکے۔ ہر خاندان کو 10 کیلو چاول، دو کیلو تیل، دو کیلو شکر، دو کیلو نمک، آدھا کیلو مرچی، 100 گرام ہلدی، ایک کیلو دال، 100 گرام چائے کی پتی کے علاوہ ایک صابن اور ایک سینیٹائزر دیا جائے گا۔ محمد سلیم نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے غریب خاندانوں کے لیے پیکیج کا اعلان کیا ہے جس پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے مزدوروں کو بھی حکومت کی جانب سے چاول اور رقم تقسیم کی جارہی ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ اوقافی اداروں کی آمدنی میں اضافہ کرتے ہوئے وہ بورڈ سے بعض تعلیمی اور معاشی اسکیمات پر عمل آوری کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ غریبوں کے پیکیج کی تقسیم ہفتہ یا اتوار کو عمل میں آئے گی۔
