قضاۃ سیکشن کی کارکردگی بہتر بنائی جائے، محمد سلیم کا مختلف شعبہ جات کا معائنہ
حیدرآباد: صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے آج وقف بورڈ کے مختلف شعبہ جات کا اچانک دورہ کرتے ہوئے عہدیداروں اور ملازمین کو ڈسپلن کی پابندی اور عوامی درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کی ہدایت دی۔ محمد سلیم نے قضاۃ سیکشن کا دورہ کرتے ہوئے مختلف سرٹیفکٹس کی اجرائی کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ سرٹیفکٹس کی اجرائی میں شفافیت ہونی چاہئے ۔ تتکال کے تحت داخل کردہ درخواستوں کی اسی دن یکسوئی کرتے ہوئے سرٹیفکٹ جاری کیا جائے۔ انہوں نے قضاۃ سیکشن میں موجود درخواست گزاروں سے بات چیت کی اور ان کے مسائل دریافت کئے ۔ محمد سلیم نے کہا کہ قضاۃ سیکشن کو بروکرس کی سرگرمیوں سے پاک کیا جائے گا ۔ انہوں نے عہدیداروں اور ملازمین سے کہا کہ اگر سرٹیفکٹس کی اجرائی میں بروکرس اور درمیانی افراد کی حوصلہ افزائی کی گئی تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ درخواستوں کے وصولی کے سلسلہ میں قواعد کی پابندی ضروری ہے ۔ صدرنشین وقف بورڈ نے تمام سیکشنوں میں ملازمین اور عہدیداروں کو پابند کیا کہ وہ مقررہ وقت پر دفتر میں حاضر رہیں اور ڈسپلن کی پابندی کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر سیکشن کی بہتر کارکردگی سے وقف بورڈ کا نام روشن ہوگا۔ محمد سلیم نے چیف اگزیکیٹیو آفیسر محمد قاسم کو ہدایت دی کہ وہ وقتاً فوقتاً شعبہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں پر کارروائی کریں۔