قضاۃ سیکشن میں بے قاعدگیوں کے خاتمہ کیلئے عہدیداروں کا فیصلہ
حیدرآباد۔ وقف بورڈ کے شعبہ قضاۃ میں آن لائن درخواستوں کے ادخال کے طریقہ کار کو ختم کرتے ہوئے دوبارہ شخصی طور پر درخواست داخل کرنے کا سسٹم بحال کردیا گیا ہے۔ کورونا لاک ڈاؤن کے نفاذ کے بعد عوام کی سہولت کیلئے آن لائن درخواستوں کے ادخال کو متعارف کیا گیا تھا تاکہ عوام گھر بیٹھے نکاح اور دیگر اُمور کے صداقتناموں کی درخواستیں داخل کرسکیں۔ بتایا جاتا ہے کہ آن لائن درخواستوں کے ادخال کے سلسلہ میں کئی بے قاعدگیاں شروع ہوچکی تھیں اور بعض غیر متعلقہ افراد اس معاملہ میں مداخلت کرنے لگے تھے۔ درخواست گذاروں سے آن لائن درخواستوں کو پُر کرنے کے نام پر بھاری رقومات وصول کی جارہی تھیں۔ اس سلسلہ میں صدرنشین وقف بورڈ اور چیف ایکزیکیٹو آفیسر کو شکایت موصول ہونے پر انہوں نے آن لائن ادخال کے بجائے دوبارہ شخصی طور پر درخواست داخل کرنے کا طریقہ کار بحال کردیا۔ بورڈ کے عہدیداروں کے مطابق درمیانی افراد کی سرگرمیوں سے عوام کو مزید دشواریوں کا سامنا تھا اور یہ سرگرمیاں شعبہ قضاۃ کی کارکردگی متاثر کررہی تھیں۔ ایسے میں نکاح، طلاق اور دیگر سرٹیفکیٹس کی اجرائی میں شفافیت برقرار رکھنے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا۔ اس فیصلہ سے نہ صرف درخواست گذاروں بلکہ بورڈ کے عملے کو بھی کام میں سہولت ہوگی اور درخواست گذار زائد رقم ادا کرنے سے بچ جائیں گے۔ بورڈ کے عہدیداروں نے قضاۃ سیکشن میں درمیانی افراد کے رول کو ختم کرنے کیلئے توجہ مرکوز کی ہے۔