وقف بورڈ میں بدعنوانیاں عروج پر ‘ ایک عہدہ پر طویل خدمات بنیادی وجہ

   

بورڈ کے فیصلوں سے فریقین کو واقف کروانے اور کارروائی میں رکاوٹ بننے کی شکایات عام
حیدرآباد۔27۔جون(سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ میں بدعنوانیاں کسی طرح ختم یا کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں بلکہ بورڈ کے مختلف شعبہ جات میں طویل مدت سے برسرکار ملازمین بورڈ کو نقصان پہونچا رہے ہیں ۔ بورڈ کے فیصلوں اور درخواستوں کے علاوہ جن جائیدادوں پر قبضے جاری ہیں ان پر کارروائی کی بجائے فریق مخالف کو مطلع کرنے اور انہیں کارروائی میں رکاوٹ پیدا کرنے کے مشورے دینے کی شکایت عام ہیں ۔ وقف بورڈ کے ملازمین جو ان سرگرمیوں میں ملوث ہیں انہیں اپنے کام سے زیادہ ان امور میں مصروف دیکھا جا رہاہے ۔بورڈ سیکشن ‘ حصول اراضیات سیکشن کے علاوہ دیگر سیکشن کے ملازمین طویل مدت سے ایک ہی مقام پر برسر خدمت ہیں اور اپنا گروہ تیار کرچکے ہیں اور بورڈ کے فیصلوں میں ادھوری معلومات کی فراہمی ‘ بورڈ فیصلوں میں رکاوٹ پیدا کرنے‘ بورڈ کے فیصلوں یا صدرنشین کے اقدامات سے فریقین مخالف کو واقف کرواتے ہوئے بیرونی افراد کو سرگرم کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ اس کے علاوہ بورڈ میں داخل کی جانے والی درخواستوں اور شکایات کے متعلق مکمل معلومات حاصل کرکے متعلقہ عہدیداروں تک درخواستوں کے پہنچنے سے قبل درخواست گذاروں سے رابطہ کرکے انہیں ہراساں کرنے اور لینڈ گرابرس و ناجائز قبضہ کرنے والوں کی مدد کی کوشش کی جار ہی ہے۔ بدعنوان عملہ کے خلاف کارروائی سے عہدیداروں کے گریز پر کہا جا رہاہے کہ عہدیداروں کی پشت پناہی کے سبب ہی یہ حالات ہیں جو بورڈ کی کارکردگی کو متاثر کررہے ہیں۔ اراضیات پر قبضہ جات کے خلاف شکایات پر والی کارروائی یا کارروائی کے مواد کو عہدیداروں تک پہنچنے سے روکنے میں اس گروہ کا کلیدی کردار ہے جو بورڈ میں رہ کر بورڈ کے مفادات کو نقصان پہنچانے کی وجہ بن رہا ہے ۔ اپنے حقیر مفادات کے لئے بورڈ کو نقصان پہنچانے والے ملازمین و حکام کے خلاف شکایات کے باوجود اعلیٰ عہدیداروں سے عدم کارروائی پر دریافت کرنے پر انکشاف ہوا کہ اندرون بورڈ شعبہ جات میں تبادلوں پر بھی اعتراض کیا جا رہاہے جس کے سبب عہدیدار تبادلوں سے گریز کر رہے ہیں ۔ بورڈ کے حالات میں بہتری کیلئے لازمی ہے کہ اس طرح کے گروہ جو بورڈ کی سرگرمیوں کی اطلاعات قابضین کو دیتے ہوئے نقصان پہنچا رہے ہیں ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور طویل مدت سے صدر دفتر میں برسر خدمت عملہ کے تبادلے کئے جائیں تاکہ ان کی سرگرمیوں پر قدغن لگائی جاسکے۔م