حیدرآباد۔یکم۔جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کا اہم اجلاس 4جولائی کو منعقد ہونے والا تھا ایجنڈہ روانہ کرنے میں ہونے والی تاخیر کے سبب اب یہ اجلاس 4جولائی کے بجائے آئندہ ہفتہ منعقد ہونے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق بورڈ کے اجلاس کے سلسلہ میں تیاریاں تیزی سے جاری تھیں لیکن مختلف وجوہات اور عیدالاضحی کی تعطیلات کے باعث ایجنڈہ کی تیاری اور اراکین بورڈ کو ایجنڈہ نہ پہنچنے کی وجہ سے اجلاس کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ عیدالاضحی سے قبل وقف بورڈ کے سینیئر اراکین سے اجلاس کے انعقاد کے سلسلہ میں مشاورت کی گئی تھی جس پر تمام نے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ اجلاس 4جولائی کو منعقد کیا جائے گا لیکن عیدالاضحی کی تعطیلات اور گروپ IVکے امتحانات میں کئی ملازمین کی شرکت کے سبب ایجنڈہ کی تیاری ممکن نہیں ہوپائی جس کے نتیجہ میں ایجنڈہ اراکین کو نہیں پہنچ پایا ہے۔ وقف بورڈ کا گذشتہ اجلاس 6اپریل کو ماہ رمضان المبارک کے دوران منعقد کیا گیا تھا اور اس اجلاس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے تھے جن میں ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کا فیصلہ بھی شامل ہے۔ بورڈ کے مجوزہ اجلاس میں کئی زیر التواء امور کو حل کرنے کے سلسلہ میں وقف بورڈ کے اراکین نے عہدیداروں کو متوجہ کروایا ہے۔ وقف ایکٹ کے مطابق ریاستی وقف بورڈ کا اجلاس 2ماہ میں ایک مرتبہ لازمی طور پر منعقد کیا جانا چاہئے لیکن نئے بورڈ کی تشکیل کے بعد سے مختلف وجوہات بالخصوص چیف اکزیکیٹیو آفیسر اور بورڈ کے درمیان رسہ کشی کے سبب کئی ماہ تک اجلاس منعقد نہیں کیا جاسکا تھا لیکن اب جبکہ انچارج سی ای او موجود ہیں اس کے بعد بھی وقف بورڈ کے اجلاس کے عدم انعقاد پر اراکین وقف بورڈ میں شدید برہمی پائی جانے لگی ہے۔ م
اراکین نے واضح کردیا ہے کہ ایک ہفتہ قبل ایجنڈہ وصول نہ ہونے پر وہ اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔م