سرکاری کام متاثر ، نگران عہدہ دار کا عاجلانہ تقرر ضروری
حیدرآباد : سرکاری محکمہ جات میں تمام متعلقہ عہدے داروں کی دستیابی کے باوجود کام کاج کی تکمیل میں سست روی کی شکایات عام ہیں۔ تلنگانہ وقف بورڈ کا ریکارڈ سیکشن گزشتہ تین ماہ سے اس لئے مہربند ہے کیونکہ حیدرآباد ڈسٹرکٹ کلکٹر نے ابھی تک متبادل نگران عہدہ دار کا تقرر نہیں کیا ہے۔ فبروری میں جی سنیتا ڈپٹی تحصیلدار کو ریونیو ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ترقی دیئے جانے پر اُن کی خدمات وقف بورڈ ریکارڈ سیکشن سے واپس کردی گئیں۔ تب سے ریکارڈ سیکشن مہربند ہے اور بورڈ کے عہدے دار سیکشن میں محفوظ فائلوں اور ریکارڈس تک رسائی سے قاصر ہیں۔ قبل ازیں 8 نومبر 2017ء کو یہ سیکشن چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی ہدایات پر مہربند کیا گیا تھا جب ایک جائزہ اجلاس میں عہدے دار مختلف اداروں کے تحت وقف اراضیات کی تفصیلات فراہم کرنے میں ناکام رہے تھے۔ بعدازاں حکومت نے ایک کمیٹی تشکیل دی۔ ریکارڈس کی سکیورٹی کیلئے ایک پولیس پکٹ متعین کیا گیا۔ اور پھر نائب تحصیلدار سطح کی آفیسر جی سنیتا کو اس سیکشن کی کسٹوڈین کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔ یہاں تک کہ جی سنیتا کا رواں سال 3 فبروری کو ترقی پر تبادلہ ہوگیا۔ ریکارڈ سیکشن میں اہم فائلیں محفوظ ہیں اور بورڈ کے عہدے داروں کو معمول کے کاموں کی تکمیل میں دشواریاں پیش آرہی ہیں۔