وصول کنندہ کی ستائش ، صدر نشین بورڈ محمد مسیح اللہ خاں کا رقمی انعام
حیدرآباد۔7۔ستمبر۔(سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے سرکل 2 میں اندرون 48گھنٹے 20 لاکھ 29 ہزار 10 روپئے کرایہ کی وصولی عمل میں لائی گئی ۔صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے سرکل 2کے کرایہ کی وصولی کے ذمہ دار محمد اعظم کو اندرون 48 گھنٹہ 20لاکھ سے زائد کرایہ کی وصولی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں 5000 روپئے نقد انعام حوالہ کیا۔شہر حیدرآباد کے سرکل 2 میں عرصہ دراز سے وصول طلب کرایہ کے بقایا جات کی وصولی کے سلسلہ میں دی گئی ہدایت کے بعد 5 ستمبر سے کرایہ کی وصولی کے لئے مہم میں شدت پیدا کئے جانے کے ساتھ ہی محمد اعظم نے اپنے سرکل میں موجود کرایہ داروں سے بقایاجات کی وصولی کا آغاز کیا اور اندرون 48 گھنٹے 20لاکھ 29 ہزار روپئے وصول کرتے ہوئے ریکارڈ قائم کیا ۔ جناب محمد مسیح اللہ خان نے کرایہ کی وصولی کے سلسلہ میں رپورٹ موصول ہونے پر انہیں مبارکباد پیش کی اور اپنی جیب خاص سے 5000 روپئے نقد انعام حوالہ کرتے ہوئے کہا کہ وقف بورڈ میں بہتر خدمات انجام دینے والے ملازمین کی ستائش اور ان کی تعریف ناگزیر ہے اسی لئے انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ دیانتداری کے ساتھ کرایہ کی وصولی اور بہتر انداز میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کو نقد انعام دیا جائے گا تاکہ ملازمین کی حوصلہ افزائی کی جاسکے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے وقف بورڈ کے امور کو بہتر بنانے اور عوام کو بورڈ کے چکر کاٹنے سے محفوظ رکھنے کیلئے اقدامات کو یقینی بنانے کی تاکید کی۔ محمد اعظم کو نقد انعام کی حوالگی کے موقع پر جناب فاروق عارفی‘ جناف محمد ابراہیم کے علاوہ وقف بورڈ کے دیگر عہدیدار اور ملازمین موجود تھے۔ سرکل 2 میں وصول کئے گئے کرایوں کی تفصیلات کے مطابق7لاکھ 81ہزار755 روپئے نقد وصول کئے گئے جبکہ چیکس کے ذریعہ 9لاکھ 13ہزار 928 روپئے وصول کئے گئے اس کے علاوہ آن لائن 3لاکھ 33ہزار327 روپئے کی وصولی عمل میں لائی گئی ۔ م