راجندر کے علاوہ دیگر وزراء پر کارروائی کی جائے، ناجائز قبضوں میں تمام ملوث
حیدرآباد۔ رکن قانون ساز کونسل جیون ریڈی نے الزام عائد کیا کہ دیورا یمجال میں انڈومنٹ کی اراضی پر ناجائزقبضوں میں ٹی آر ایس قائدین ملوث ہیں۔ حکومت کو تمام قابضین کے خلاف کارروائی کا اعلان کرنا چاہیئے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ سابق وزیر ایٹالہ راجندر کو عوام میں ناجائز قابض کے طور پر پیش کرنے کیلئے حکومت نے اسائنڈ اراضیات کے بارے میں تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخصوص اراضیات کے بجائے تمام ناجائز قبضہ کی گئی اراضیات کے معاملات کی جانچ کی جانی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ دلتوں اور پسماندہ طبقات کو الاٹ کی گئی اراضیات پر قبضوں کے معاملات میں ریاستی وزراء اور ارکان اسمبلی بھی ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں نئے پٹہ دار قانون کے تحت اسائنڈ اراضیات کو تبدیل کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے اسائنڈ اراضیات کی جانچ کیلئے کمیٹی کی تشکیل کا اعلان کیا تھا لیکن گذشتہ سات برسوں میں کوئی پیش رفت نہیں کی گئی۔ انہوں نے اراضیات کی نشاندہی کرتے ہوئے پسماندہ طبقات کو واپس کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں انڈومنٹ اراضیات کی تباہی کی جامع تحقیقات کی جانی چاہیئے۔ حکومت نے وقف اراضیات کے تحفظ کیلئے وقف بورڈ کو جوڈیشیل پاورس کا اسمبلی میں وعدہ کیا تھا لیکن آج تک اس وعدہ کی تکمیل نہیں کی گئی جس کے نتیجہ میں وقف جائیدادوں اور اراضیات کی تباہی کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ایک طرف وقف جائیدادوں کے تحفظ کے بارے میں اپنی دلچسپی کا اظہار کرتے ہیں لیکن غیر مجاز قابضین کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ اگر حکومت کو واقعی اوقافی جائیدادوں سے دلچسپی ہے تو اسے چاہیئے کہ وقف بورڈ کو جوڈیشیل پاورس فراہم کرے تاکہ قابضین کے خلاف کارروائی کا اختیار حاصل ہو۔