وقف بورڈ کو کرپشن سے پاک بنانے کیلئے صدرنشین عظمت اللہ حسینی کی مساعی

   

قضاۃ سیکشن کے بعض ملازمین کے خلاف کارروائی، بھاری رقومات وصول کرنے اور درمیانی افراد کے رول کی شکایت
حیدرآباد ۔11۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کے قضاۃ سیکشن نے مبینہ بے قاعدگیوں کی شکایات پر صدرنشین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی اور چیف اگزیکیٹیو آفیسر اسد اللہ نے سخت کارروائی کرتے ہوئے بعض ملازمین کے تبادلے عمل میں لائے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ قضاۃ سیکشن میں بعض ملازمین کی جانب سے میریج سرٹیفکٹس کی اجرائی کے لئے بھاری رقومات وصول کی جارہی تھیں۔ ایک درخواست گزار نے ملازمین کے ناموں اور رقم کے ساتھ چیف اگزیکیٹیو آفیسر کے پاس شکایت درج کی ۔ ابتدائی جانچ میں بھاری رقم وصول کرنے کی شکایت درست ثابت ہوئی جس پر ایک ملازم کا فوری تبادلہ کردیا گیا اور دیگر دو ملازمین کو وجہ نمائی نوٹس جاری کی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ میریج سرٹیفکٹس کے لئے آن لائین درخواستوں کا ادخال لازمی کردیا گیا ہے تاکہ درمیانی افراد کے رول کو ختم کیا جائے۔ عہدیداروں کو اس بات کی شکایت موصول ہوئی ہے کہ بعض ملازمین درمیانی افراد کے ساتھ مل کر میریج سرٹیفکٹ کی عاجلانہ اجرائی کیلئے بھاری رقم وصول کر رہے ہیں ۔ غیر متعلقہ افراد کی مداخلت کے نتیجہ میں حقیقی درخواست گزاروں کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ عظمت اللہ حسینی نے قضاۃ سیکشن کے عہدیداروں اور ملازمین کے بڑے پیمانہ پر تبادلہ کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہی مقام پر طویل عرصہ تک خدمات انجام دینے کے سبب بدعنوانیوں میں ملوث ہونے کی شکایات موصول ہورہی ہیں، لہذا ملازمین کا وقتاً فوقتاً تبادلہ کرتے ہوئے وقف بورڈ میں کرپشن کا خاتمہ اور شفافیت کی بحالی ممکن ہے۔ آئی پی ایس عہدیدار شاہنواز قاسم نے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود اور چیف اگزیکیٹیو آفیسر کے عہدہ پر فائز رہتے ہوئے قضاۃ سیکشن میں اصلاحات کو نافذ کیا تھا جس کے تحت میریج سرٹیفکٹ کیلئے آن لائین درخواستوں کا ادخال لازمی کردیا گیا ۔ انتہائی ہنگامی حالات میں درخواست گزار کو سرٹیفکٹ شخصی طور پر حوالے کیا جاتا ہے جبکہ دیگر تمام سرٹیفکٹس درخواست گزاروں کو کوریئر کے ذریعہ روانہ کئے جاتے ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ وقف بورڈ کے تمام شعبہ جات میں بدعنوانیوں کے خاتمہ پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملازم کی جانب سے رقم کے مطالبہ پر چیف اگزیکیٹیو آفیسر سے راست طور پر شکایت کی جاسکتی ہے ۔ 1